شہر قائد میں بے گھر یا مناسب رہائش سے محروم افراد کی تعداد میں مسسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق یہ تعداد 5 لاکھ تک بھی بتائی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گھروں سے محروم افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ معاشی اور سماجی مسائل ہیں۔
کراچی میں بے گھر افراد کی حتمی اور سرکاری تعداد کا تعین مشکل ہے، تاہم مختلف رپورٹس کے مطابق کراچی میں بے گھر افراد کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں اور علاقوں سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ سارا سال جاری رہتا ہے۔ عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 10 کروڑ لوگ بے گھر ہیں جب کہ ایک ارب کو رہنے کی مناسب سہولت میسر نہیں ہے۔
ٹریفک اہلکار اب صرف ڈی آئی جی کے روٹ پر ڈیوٹی کرتے نظر آتے ہیں، ویڈیو رپورٹ
ملک میں ڈھائی کروڑ سے زائد افراد کچی آبادیوں میں رہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق گھروں سے محروم افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ معاشی اور سماجی مسائل ہیں۔ شہر کے ہر حصے میں بے گھر افراد کی تعداد میں پچھلے 25 سے 30 برسوں کے درمیان سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ لوگ سڑکوں کے کنارے، پلوں کے نیچے، ریلوے اسٹیشنز، اسپتالوں کے باہر اور جھونپڑیوں میں رہ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق آبادی میں مسلسل اضافے سے وسائل کم سے کم ہوتے جا رہے ہیں، اور بے گھر افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔


