کراچی: تین دن مسلسل کمی کے بعد آج سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہو گیا۔
پاکستان سمیت بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں گراوٹ کا سلسلہ رُک گیا اور آج اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ایک تولہ سونا 11ہزار 200 روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 65 ہزار 236 روپے پر پہنچ گئی جب کہ 10گرام سونے کے نرخ 8802 روپے اضافے سے 3لاکھ 65 ہزار 638 روپے ہو گئے۔
عالمی گولڈ مارکیٹ میں 112ڈالر اضافے سے فی اونس سونا 4427 ڈالر کا ہو گیا۔ اسی طرح 185روپے کے اضافے سے ایک تولہ چاندی کی قیمت 7044 روپے ہو گئی۔
گزشتہ 3دنوں میں ایک تولہ سونا 13900 روپے اور 10گرام سونا 11917 روپے سستا ہوا تھا۔
سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔



