کراچی (23 اگست 2026): میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور پولیس نے نوجوان تاجر کے نام پر رجسٹرڈ سِم حاصل کر لی۔
گزشتہ ماہ 29 جولائی کو پراسرار طور پر موت کا شکار ہونے والے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے پولیس نے نوجوان کے نام پر رجسٹرڈ موبائل فون سِم حاصل کر لی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس کی درخواست پر متعلقہ موبائل کمپنی نے میر رضا کے نام پر رجسٹرڈ سِم جاری کی ہے اور اس کی ملکیت اب میر رضا کی والدہ کے نام پر منتقل کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بائیومیٹرک اور دستاویزی کارروائی کے بعد مذکورہ سِم جاری کی گئی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی سم کے ڈیٹا کے ذریعے تحقیقات کو آگے بڑھائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سِم کے ذریعے میر رضا کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی جائیگی، اور واٹس ایپ کا بیک اپ ڈیٹا حاصل کر کے تحقیقات آگے بڑھائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق واٹس ایپ اکاؤنٹ سے حاصل معلومات کیس کیلیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔



