آئی سی سی نے سنہلینز اسپورٹس کلب (ایس ایس سی) گراؤنڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ہونے والے تنازع کے بعد بھارتی بیٹر یشسوی جیسوال اور سری لنکا کے فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کو سزا دی ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جو کہ کسی بین الاقوامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی، پلیئر سپورٹ عملے، امپائر، میچ ریفری یا کسی دوسرے شخص کے ساتھ نامناسب رابطے سے متعلق ہے۔
جیسوال اور فرنینڈو دونوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور اس جرم پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔
آئی سی سی نے تصدیق کی کہ دونوں کھلاڑیوں نے پچھلے 24 ماہ کے عرصے کے دوران کوئی سابقہ جرم نہیں کیا تھا۔
یہ واقعہ بھارت کی اننگز کے 17ویں اوور میں فرنینڈو کی جانب سے جیسوال کو آؤٹ کرنے کے بعد پیش آیا۔ بھارتی بلے باز سری لنکن فاسٹ بولر کی طرف بڑھے اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے اینڈی پائی کرافٹ کی طرف سے تجویز کردہ سزاؤں کو قبول کر لیا ہے۔


