گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق متعدد بین الاقوامی اداروں اور سفری جائزوں میں امارات ایئر لائنز نے ماہ اگست میں عالمی سطح پر بین الاقوامی پروازوں کی گنجائش کے اعتبار سے دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
ایوی ایشن اینالیٹکس ادارے او اے جی کے اعداد و شمار کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن (امارات ) نے رواں ماہ 31 ارب سے زائد ’اوےلیبل سیٹ کلومیٹرز‘ (اے ایس کیز) کی گنجائش فراہم کی۔
امارات کی بین الاقوامی گنجائش میں دوسرے نمبر پر آنے والی آئرش فضائی کمپنی رائن ایئر کے مقابلے میں تقریباً 21 فیصد زیادہ رہی، جس نے اگست میں تقریباً 25.7 ارب اے ایس کیز ریکارڈ کیے۔
امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائنز تقریباً 22.8 ارب ’اوےلیبل سیٹ کلومیٹرز‘ (اے ایس کیز) کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، جبکہ ترکش ایئرلائنز 21.5 ارب کے ساتھ چوتھے اور قطر ایئرویز تقریباً 21 ارب (اے ایس کیز) کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔
اسی طرح ڈیلٹا ایئر لائنز تقریباً 17 ارب (اے ایس کیز) کے ساتھ چھٹے، برٹش ایئرویز 15.9 ارب کے ساتھ ساتویں اور امریکن ایئرلائنز تقریباً 15.7 ارب کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہی۔ ایئر فرانس نویں جبکہ لوفتھانزا تقریباً 15.3 ارب (اے ایس کیز) کے ساتھ دسویں نمبر پر رہی۔
اے ایس کیز کیا ہے؟
’اوےلیبل سیٹ کلومیٹرز‘ (اے ایس کیز) فضائی کمپنیوں کی گنجائش جانچنے کا ایک خاص پیمانہ ہے، جس میں فروخت کے لیے دستیاب نشستوں کی تعداد کو پرواز کے فاصلے سے ضرب دے کر گنجائش کا تعین کیا جاتا ہے۔ یہ پیمانہ خاص طور پر طویل فاصلے کی پروازوں کے حجم کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ درجہ بندی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دبئی کا ایوی ایشن سیکٹر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد بین الاقوامی پروازوں کی بحالی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ایمریٹس ایئرلائن (امارات ) نے دبئی اور کویت کے درمیان پروازیں بھی دوبارہ شروع کردی ہیں، تاہم دونوں شہروں کے درمیان فضائی سروس ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی۔



