تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں حنا جاوید کے بہیمانہ قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی، پولیس نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور میں کیس کے مرکزی ملزمان کا ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کرا لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ڈی این اے ٹیسٹ کا یہ عمل مقتولہ حنا جاوید کے بھائی فہد جاوید کی موجودگی میں سرانجام دیا گیا، جس کے بعد راولپنڈی پولیس ملزمان کو لے کر واپس راولپنڈی روانہ ہو گئی۔
ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لائے گئے افراد میں مقتولہ کا شوہر فیصل اصغر ، مقتولہ کا سسر اصغر علی اور گھریلو ملازم ذیشان شامل تھے۔
گھریلو ملازم ذیشان نے دورانِ تفتیش حنا جاوید کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا اور بتایا مقتولہ کے شوہر نے اسے قتل کے بدلے ایک لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔
دوسری جانب مرکزی ملزم فیصل اصغر نے حنا جاوید کے قتل کے الزام سے صاف انکار کیا ہے، جبکہ اس کے والد اصغر علی نے بھی اس واردات میں ملوث ہونے سے مکمل لا علمی اور انکار ظاہر کیا ہے۔
پولیس کا کہنا یے کہ فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ آنے کے بعد کیس کے دیگر اہم حقائق سے پردہ اٹھے گا اور تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔



