ماہر غذائیت نے چیا سیڈز کو غذائیت سے بھرپور سپر فوڈ قرار دیتے ہوئے انہیں استعمال کرنے کے ایسے طریقے بتائے ہیں جن سے ان کے غذائی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں اور ممکنہ خطرات سے بھی بچا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق چیا سیڈز میں حل پذیر فائبر، پودوں سے حاصل ہونے والا اومیگا تھری فیٹی ایسڈ اے ایل اے، پروٹین اور اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جبکہ ان میں کیلشیم، میگنیشیم اور فاسفورس بھی موجود ہوتا ہے جو نظام ہاضمہ اور جسم کے میٹابولزم کے لیے اہم ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 28 گرام یا تقریباً 2 کھانے کے چمچ چیا سیڈز میں 9 سے 10 گرام غذائی فائبر موجود ہوتا ہے جو روزانہ درکار فائبر کا تقریباً ایک تہائی حصہ فراہم کرسکتا ہے۔
خبردار !! اسے ایسے استعمال نہ کریں
تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چیا سیڈز کو خشک حالت میں اکیلے کھانا مناسب نہیں، کیونکہ یہ مائع جذب کرکے اپنے وزن سے تقریباً 10 سے 12 گنا تک پھول سکتے ہیں۔
یاد رکھیں!! چیا سیڈز کے خشک بیج نگلنے کی صورت میں اس کے گلے میں پھنسنے یا ہاضمے کی نالی میں رکاوٹ کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے جو جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔
مندرجہ ذیل سطور میں چیا سیڈز استعمال کرنے کے 6 بہترین طریقے بیان کیے جارہے ہیں۔
1۔ چیا سیڈز پڈنگ:
چیا سیڈز کو دودھ یا بادام کے دودھ میں بھگو کر چند گھنٹوں یا رات بھر کے لیے رکھیں۔ بیج مائع جذب کرکے جیلی نما شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس طرح تیار کیے گئے چیا سیڈز ہضم ہونے میں زیادہ وقت لیتے ہیں اور کھانے کے بعد خون میں شوگر کے تیزی سے بڑھنے کو محدود کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
2۔ اسموتھی میں شامل کریں:
چیا سیڈز کو پھلوں یا سبزیوں کے ساتھ بلینڈر میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس سے اسموتھی میں فائبر کی مقدار بڑھتی ہے اور مشروب زیادہ گاڑھا اور پیٹ بھرنے والا بن جاتا ہے۔
3۔ بیکنگ میں ’چیا ایگ‘ استعمال کریں:
ایک انڈے کے متبادل کے طور پر ایک کھانے کا چمچ چیا سیڈز کو تقریباً 3 کھانے کے چمچ پانی میں ملا کر جیل بنائی جا سکتی ہے۔ یہ مکسچر مفنز، پین کیکس اور بریڈ سمیت مختلف بیکنگ اشیا میں بطور بائنڈر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
4۔ دلیے میں شامل کریں:
چیا سیڈز کو گرم دلیے یا اوور نائٹ اوٹس میں شامل کرنا فائبر اور دیگر غذائی اجزا بڑھانے کا آسان طریقہ ہے۔ دلیے میں موجود مائع بیجوں کو نرم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
5۔ دہی کے ساتھ استعمال کریں:
چیا سیڈز کو دہی میں ملا کر کھایا جا سکتا ہے۔ اس طرح بیجوں کو مائع ملنے سے وہ نرم ہوجاتے ہیں اور فائبر سمیت دیگر غذائی اجزا حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
6۔ مختلف کھانوں پر بطور ٹاپنگ استعمال کریں:
چیا سیڈز کو دیگر غذائیت سے بھرپور بیجوں یا گرینولا کی طرح مختلف گرم یا ٹھنڈی غذاؤں پر چھڑکا جا سکتا ہے، تاہم انہیں استعمال کرنے سے پہلے مناسب مقدار میں مائع کے ساتھ لینا بہتر ہے۔
ماہرین کے مطابق چیا سیڈز پودوں سے حاصل ہونے والے اومیگا تھری اے ایل اے کا اچھا ذریعہ ہیں، تاہم جسم اے ایل اے کو سمندری ذرائع سے حاصل ہونے والے ای پی اے اور ڈی ایچ اے میں مؤثر انداز سے تبدیل نہیں کرتا، اس لیے چیا سیڈز کو اومیگا تھری کے واحد ذریعہ کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔



