اسلام آباد : پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے بعد وارڈ کی اندرونی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں بچوں کے جلے ہوئے بیڈز، انکیوبیٹرز اور دیگر سامان کو دیکھا جاسکتا ہے۔
پمز اسپتال میں آتشزدگی کے بعد سامنے آنے والی فوٹیج نے نرسری وارڈ میں ہونے والی خوفناک تباہی کی شدت واضح کردی ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز اسلام آباد فرح ربانی نے اپنی رپورٹ میں آنکھوں دیکھا حال بیان کردیا، ویڈیو فوٹیج میں آتشزدگی سے ہونے والی تباہی کے دل دہلا دینے والے مناظر واضح دیکھے جاسکتے ہیں۔
متاثرہ نرسری وارڈ کی چھت اور فرش سمیت تقریباً ہر چیز آگ سے متاثر ہوئی، جبکہ کمرے میں موجود انکیوبیٹرز اور دیگر طبی آلات بھی جل کر خاکستر ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق وارڈ کے دروازے کے ایلومینیم کے حصے بھی شدید آگ کی لپیٹ میں آنے کے باعث جل گئے۔ متاثرہ کمرے میں کوئی چیز بھی محفوظ نہیں رہی جبکہ اردگرد کے دیگر وارڈز بظاہر محفوظ ہیں۔
عینی مشاہدے کے مطابق متاثرہ کمرے میں اب بھی جلے ہوئے سامان کی شدید بو اور آگ کے نشانات موجود ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آگ انتہائی شدت سے لگی تھی۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 نومولود جاں بحق ہوگئے جبکہ اطلاعات کے مطابق صرف ایک نومولود کو بچایا جاسکا۔



