سینئر اداکار نعمان اعجاز نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اس دوران انہوں نے کینسر میں مبتلا ہونے سے متعلق انکشاف کیا۔
اداکار نے بتایا کہ مجھے 2024 میں کان کے پاس کینسر کی تشخیص ہوئی جس دن مجھے اس کا علم ہوا اس دن میں نے نماز میں آسمان کی طرف دیکھا اور کہا کہ میں نے کبھی کسی کے ساتھ غلط یا برا نہیں کیا کبھی کسی کا حق نہیں مارا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے بندے کو کسی کام کیلئے بھیجا ہوتا ہے، میں نے اللہ سے کہا اگر میری ضرورت ہے تو مجھے فوری بلا لے، میں اپنی فیملی کو تکلیف میں نہیں دیکھنا چاہتا۔
نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ میں نے اللہ سے دعا کی کہ میں اسپتالوں کے چکر نہیں لگانا چاہتا، کیموتھیراپی جیسے تکلیف دے عمل سے نہیں گزرنا چاہتا، اس لیے میں روز رات کو بہت کچھ پڑھ کر اس امید سے سوتا تھا کہ صبح نہیں اٹھوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کینسر کی بات لوگوں کو پتا چلی تو میرے بہت اچھے ایک دوست ہیں انہوں نے مجھے سورہ رحمان پڑھنے کا کہا، اس دن کے بعد سے آج تک میں سورہ رحمان پڑھتا ہوں، مجھے لگتا ہے مجھے بچانے میں سورہ رحمان کا ایک بہت بڑا کردار ہے، پھر میرا کامیاب آپریشن ہوا اور ٹیومر نکال دیا گیا۔
نعمان اعجاز نے کہا کہ 23 جولائی 2024 کو میری پہلی کیموتھیراپی شروع ہونے تھی اور 22 جولائی کو مجھے ڈاکٹرز نے بلایا اور بتایا کہ ہمیں کوئی بھی چیز نہیں ملی اس لیے کیموتھراپی کی ضرورت نہیں۔



