تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ایک نجی اسپتال میں زچگی کے بعد نومولود کے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کا انوکھا اور تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ جہاں اسپتال انتظامیہ نے بچے کی پیدائش سے ہی صاف انکار کر دیا ہے جبکہ واقعے کے خلاف متاثرہ خاندان نے اسپتال میں شدید احتجاج کرتے ہوئے پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق خاتون کا نو ماہ تک اسی نجی اسپتال میں باقاعدگی سے چیک اپ، فالو اپ اور مختلف ٹیسٹ سمیت الٹراساؤنڈ ہوتے رہے ہیں۔ڈلیوری کے لیے 27 اگست کی تاریخ دی گئی تھی اور مقررہ تاریخ پر جب آپریشن کیا گیا تو ڈاکٹر نے بعد میں بتایا کہ بچے کی پیدائش ہی نہیں ہوئی۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس الٹراساؤنڈ رپورٹس اور دورانِ حمل کے تمام طبی ریکارڈ موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں۔
بچے کے والد کے بھائی کا کہنا ہے کہ اس ناانصافی پر خاندان نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔ متاثرہ خاندان کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عباسی شہید اسپتال سے طبی معاونت طلب کر لی ہے، اور میڈیکل لیگل آفیسر (ایم ایل او) کی رپورٹ اور جواب کی روشنی میں آگے کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایچ او کے مطابق پولیس نے نجی اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے تاکہ حقائق کا تخمینہ لگایا جا سکے۔ پولیس کا عزم ہے کہ اگر تفتیش کے دوران اسپتال انتظامیہ بچے کی گمشدگی یا اس معاملے میں ملوث پائی گئی تو ان کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔



