کراچی: صدر الائنس آف مارکیٹ ایسوسی ایشن نے پیٹرول لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی ہڑتال کی کال پر کل کلفٹن سے صدر تک مارکیٹس اور مالز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
صدرالائنس آف مارکیٹ فہیم نوری نے کہا کہ 43 مارکیٹ کے سربراہان نے کل ہڑتال کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صدر، الیکٹرانکس، موبائل و دیگر تمام مارکیٹس کل مکمل بند رہیں گی۔
الائنس میں شامل تمام مارکیٹوں کو کل ہڑتال میں شریک ہونے کی ہدایت کر دی۔
صدر کلفٹن ڈیفنس ٹریڈرز مارکیٹ ایسوسی ایشن راشد خان نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد اضافی رقم قابل قبول نہیں تاجروں کی کل کی ہڑتال عوام کیلئے ہے۔
کراچی کی تمام بڑی مارکیٹیں 3 ستمبر کو پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر پُرامن ہڑتال کے باعث بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
تاجر رہنما عتیق میر نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو شہر بھر کی مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی۔
کراچی ٹریڈرز الائنس کے جنرل سیکریٹری منہاج گل فراز کا کہنا ہے کہ موبائل فون اور الیکٹرانکس مارکیٹیں بھی ہڑتال میں شامل ہوں گی۔
مارکیٹوں کی بندش کا اعلان جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی جانب سے 3 ستمبر کو پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر پُرامن ہڑتال کی کال کے بعد سامنے آیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں تک بڑھایا جاسکتا ہے، جبکہ مستقبل میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی کیا جاسکتا ہے۔



