جماعت اسلامی کا دھرنے جاری رکھنے کا اعلان، حکومت سے مذاکرات کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل

0
10

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے کہا دھرنے مؤخر کریں لیکن ہم نے کہا کہ دھرنے چلیں گے تو بات چیت میں مزہ آئے گا۔

لاہور میں حکومتی وفد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومتی وفد سے اچھے طریقے سے گفتگو ہوئی ہے، جماعت اسلامی نے مذاکرات کے لیے ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دے دی ہے، آج جماعت اسلامی کے دھرنوں کا 19واں دن ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جنگی ماحول کے دوران کم کرنے کے بجائے لیوی کی قیمت بڑھا دی گئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےسے روزمرہ استعمال کی ہر چیز بڑھ جاتی ہے، حکومت نے کہا ہے ٹیکنیکل ٹیم بنائیں، میں اپنی ٹیکنیکل ٹیم کا آج ہی اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کی روشنی میں ہم مشورے دیں گے، ہم جانتے ہیں کہاں سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، روٹی کی قیمت 10 روپے کی جائے، لیوی، پٹرولیم، روٹی کی قیمت سستی کی جائے، بنیادی مطالبہ پٹرولیم  لیوی ختم اور قیمتوں میں کمی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک شہر سے شروع ہونے والا دھرنا 15 سے 20 شہروں میں شروع ہوچکا، دھرنا کسی شوق یا ذاتی ایجنڈےکے لیے نہیں دیا، ہمارا ایجنڈا عوام کے روزمرہ مسائل کا حل ہے، روزمرہ کے مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، 90 سے 95 فیصد پاکستانی بنیادی ضرورتوں کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں اور غربت میں بھی 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار ایک لیٹر پر 35 فیصد ٹیکس ادا کررہا ہے تو زیادتی ہے، لیوی مد میں 8 ہزار ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، جنگوں میں بڑے معاہدے ختم ہو جاتے ہیں لیکن آئی پی پیز کے معاہدے رہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جنگی ماحول ختم ہونے کے بعد پٹرول سستا ہونے کے بعد یہاں قیمتیں کم نہیں ہوئیں، غریب کے لیے روٹی 10 روپے کی کردیں گے تو کیا ہو جائے گا، حکومت نےکہا دھرنے مؤخر کریں، ہم نے کہا دھرنے چلیں گے تو بات چیت میں مزہ آئے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں