راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن): راولپنڈی کے تھانے میں پیش آنے والے ایک انتہائی غیر اخلاقی اور توہین آمیز واقعے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے شہریوں پر تشدد کرنے والے کانسٹیبل کو محکمہ سے فارغ کر دیا ہے۔
واقعے کا پس منظر اور کارروائی: چند روز قبل تھانہ گوجرخان کی حدود میں پولیس کا کلام سامنے آیا تھا جہاں صلح یا پیشی کے دوران ایک پولیس کانسٹیبل احتشام نے دو فریقین میں سے ایک شہری کے چہرے پر سرعام جوتا مارا تھا۔ اس شرمناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور شدید عوامی ردعمل سامنے آنے کے بعد سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے فوری نوٹس لیا۔ ابتدائی طور پر ملزم کانسٹیبل کو معطل کر کے لائن حاضر (کلوز لائن) کیا گیا تھا اور باقاعدہ چارج شیٹ جاری کی گئی تھی۔ بعد ازاں مکمل انکوائری کے بعد محکمانہ ضابطے کی کارروائی پوری کرتے ہوئے کانسٹیبل احشتام کو نوکری سے مستقل طور پر برطرف (ڈسمس) کر دیا گیا ہے۔
سی پی او راولپنڈی کا دوٹوک مؤقف: اس کارروائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ پولیس فورس میں عوام کے ساتھ بدتمیزی، ناروا سلوک یا جسمانی تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی عزتِ نفس پامال کرنے یا طاقت کے غلط استعمال کی شکایت پر متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جاتی رہے گی۔



