معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کی کیا حکمت عملی ہے؟ وزیر خزانہ بتادیا

0
7

اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معیشت کی بہتری سے متعلق کہا ہے کہ صرف 5ہزار روپے سے بھی ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے اس اقدام سے چھوٹے سرمایہ کاروں کو بھی موقع ملے گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام آن مائی راڈار میں وزیر خزانہ نے ملک کی معاشی ترقی سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ملکی قرضوں اور قرضوں کی ادائیگی کے بوجھ سے نمٹنے کے لیے اہم اصلاحات کرنا ہوں  گی، معیشت میں اصلاحات ناگزیر ہیں ہمیں قرضوں پر انحصار کم سے کم کرنا ہوگا۔

این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم 

وزیر خزانہ نے کہا کہ نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ سے متعلق بات چیت گزشتہ سال نومبر، دسمبر میں شروع ہوئی تھی اور اسے اتفاق رائے کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا، این ایف سی کی تقسیم کے معاملات کو بھی اہمیت دینا ضروری ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو دو بڑے مسائل، موسمیاتی تبدیلی اور آبادی میں تیزی سے اضافے کا سامنا ہے، آبادی میں اضافے کی موجودہ رفتار کے ساتھ وسائل اور مالیاتی نظام کو چلانا پائیدار نہیں ہوگا، اس لیے آبادی اور وسائل سے متعلق موجودہ ترغیبات اور تقسیم کے نظام پر نظرثانی ضروری ہے۔

 قرضوں کے بوجھ میں کمی

انہوں نے کہا کہ حکومت کو قرضوں کی لاگت کم کرنے کے لیے لائبلیٹی مینجمنٹ ٹریڈز اور ڈبیٹ بائی بیک جیسے اقدامات پر بھی کام کرنا ہوگا تاکہ قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ کم کیا جاسکے۔

وزیر خزانہ کے مطابق حکومت بینکنگ نظام پر غیر معمولی انحصار کم کرکے کیپیٹل مارکیٹس کا دائرہ وسیع کرنے پر بھی کام کررہی ہے۔ اس سلسلے میں سکوک بانڈ کے اجرا کے ساتھ نان بینک فنانشل اداروں اور انشورنس سیکٹر کو بھی سرمایہ کاری کے لیے متحرک کیا جارہا ہے۔

سرمایہ کاروں پر خصوصی توجہ

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ ریٹیل سرمایہ کاروں کی جانب بھی توجہ مرکوز کی ہے۔ وزارت خزانہ نے جاز کیش کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اور معاہدہ کیا ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایسی سہولت متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت چھوٹے سرمایہ کار 5 ہزار روپے سے بھی ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

ملکی تجارت اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ رواں مالی سال کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 سے 2.5 ارب ڈالر سے زیادہ نہ ہو۔

آئی ٹی برآمدات میں بہتری

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں مسلسل بہتری آرہی ہے، گزشتہ مالی سال آئی ٹی برآمدات تقریباً 4.6 ارب ڈالر رہیں، جن میں فری لانسرز کا حصہ تقریباً 1.6 ارب ڈالر تھا۔ رواں مالی سال آئی ٹی برآمدات تقریباً 5.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق گزشتہ مالی سال ترسیلات زر 41.6 ارب ڈالر رہیں، جبکہ موجودہ رجحان برقرار رہنے کی صورت میں رواں مالی سال یہ رقم تقریباً 44 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اشیا کی تجارت کے خسارے کے باوجود کرنٹ اکاؤنٹ کی پوزیشن کو قابلِ انتظام رکھا جاسکتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں