لاہور (گلوبل پاکستان نیوز ڈیسک): ملک بھر میں مہنگائی نے ایک بار پھر عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیائے خورو نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف شہروں میں سبزیاں عام آدمی کی پہنچ سے بالکل باہر ہو چکی ہیں، جہاں پیاز کی قیمت بڑھ کر 300 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں پیاز کی فی کلو قیمت 280 سے 300 روپے ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ کراچی اور کوئٹہ میں بھی پیاز 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں پیاز 200 سے 250 روپے کلو میں دستیاب ہے، جبکہ ٹماٹر کے نرخ بھی 300 سے 350 روپے کلو تک پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب نان روٹی اور آٹے کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پشاور میں 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے اور 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 3 ہزار 200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں سبزیوں کے ساتھ ساتھ پھل، دالیں، گھی، تیل، انڈے اور چکن کی قیمتیں بھی عام آدمی کی استطاعت سے باہر ہو چکی ہیں۔ خاص طور پر گوشت کی قیمتیں بھی ریکارڈ سطح پر ہیں جہاں مٹن بازار میں 3200 سے 3500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ مہنگائی کے اس طوفان کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے، اور عوامی حلقوں کی جانب سے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔



