ریاض: عالمی شہرت فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا النصر میں مستقبل ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گیا، سعودی کلب کو اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے ابتدائی میچ میں العین کے ہاتھوں 4-0 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد النصر ویسٹرن ریجن کی لیگ ٹیبل میں پہلے راؤنڈ کے بعد آخری نمبر پر ہے۔
رپورٹس کے مطابق 15 ستمبر کو کھیلے گئے میچ میں رونالڈو نے گول پر 5 کوششیں کیں، تاہم صرف ایک شاٹ نشانے پر لگا، جو گول کیپر نے روک لیا، العین کی جانب سے حسین رحیمی نے دو گول کیے جبکہ سوفیانے رحیمی اور جارجیوس گیکوماکیس نے ایک ایک گول کرکے ٹیم کو 4-0 سے فتح دلادی۔
واضح رہے کہ اس شکست کو رونالڈو کے کیریئر کی سب سے بھاری شکست سمجھا جارہا ہے، النصر گزشتہ چار میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کرسکا ہے جس کے باعث ٹیم کی موجودہ فارم پر بھی سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔
موجودہ صورتحال کے دوران سابق النصر ترجمان اور سعودی اسپورٹس صحافی سعود السرامی نے دعویٰ کیا ہے کہ رونالڈو جنوری کی ٹرانسفر ونڈو میں کلب کو الوداع کہہ سکتے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے السرامی نے کرسٹیانو رونالڈو کو النصر کے لیے ایک تھکا ہوا اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ سردیوں کی ٹرانسفر ونڈو میں کلب کے تکنیکی مسائل حل کرنے میں رونالڈو کا کردار نہیں ہوگا۔
السرامی نے رونالڈو کی ممکنہ روانگی کا موازنہ کریم بینزیما کے کلب چھوڑنے سے بھی کیا، تاہم ان کے مطابق حتمی فیصلہ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر خود کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ووگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رونالڈو نے بھی اشارہ کیا تھا کہ 2026-27 سیزن ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سیزن ہوسکتا ہے۔



