کراچی: دل میں گولی لگنے والا بلوچستان کا 12 سالہ بچہ صحت یاب ہو کر این آئی سی وی ڈی سے ڈسچارج ہو گیا ہے۔
قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کراچی میں دل میں پیوست گولی نکالنے کے انتہائی پیچیدہ اور جان بچانے والے آپریشن کے بعد بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والا بارہ سالہ بچہ مکمل صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
بچے کو خضدار میں حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں گولی لگی تھی، جس کے بعد اسے ابتدائی طور پر مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، تاہم بچے کی حالت انتہائی تشویش ناک اور دل کی انجری انتہائی پیچیدہ ہونے کے باعث اسے خصوصی علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا۔
کراچی کے مختلف اسپتالوں سے ہوتا ہوا بچہ آخرکار قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کراچی کے شعبہ اطفال ایمرجنسی پہنچا، جہاں اسے انتہائی نازک حالت میں طبی امداد فراہم کی گئی۔
تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس انتہائی پیچیدہ سرجری کی سربراہی پروفیسر سہیل خان بنگش، سربراہ شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری نے کی، جب کہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن ڈاکٹر سعد بدر بھی ٹیم میں شامل تھے۔ پیڈیاٹرک انٹروینشنلسٹ ڈاکٹر عبد الستار، ماہرِ بے ہوشی پروفیسر امین خواجہ سمیت دیگر ماہر ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے نے بھی آپریشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن میں دل میں پیوست گولی نکال کر بچے کی جان بچا لی
پروفیسر سہیل خان بنگش نے کہا کہ بچے کو انتہائی تشویش ناک حالت میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب لایا گیا تھا اور گولی اس کے دل میں پیوست تھی۔ صورت حال فوری اور مربوط طبی اقدامات کی متقاضی تھی۔ ہنگامی معائنے کے بعد بغیر کسی تاخیر کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا اور گولی کامیابی سے نکال دی گئی۔ ہمیں خوشی ہے کہ بچے نے علاج کا مثبت ردِعمل دیا، صحت یاب ہوا اور اب اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسر طاہر صغیر نے اس پیچیدہ کیس کو کامیابی سے انجام دینے پر طبی، سرجیکل، نرسنگ اور معاون عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب سندھ سمیت ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو جدید اور خصوصی امراضِ قلب کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ کے مسلسل تعاون سے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب میں جدید طبی سہولیات اور خصوصی مہارت دستیاب ہے، جس کے ذریعے پیچیدہ اور انتہائی تشویش ناک قلبی کیسز کا کامیابی سے علاج کیا جا رہا ہے۔





