کسی گاؤں میں اچانک آنے والا سیلاب، کسی ساحلی بستی کو نگلتی ہوئی بلند سمندری لہریں، افریقہ کے کسی کسان کی سوکھی ہوئی فصل، یا کراچی، جیکب آباد اور لاہور میں شدید گرمی کے باعث دم توڑتے شہری، یہ الگ الگ ناگہانی آفات نہیں بلکہ ایک ہی عالمی بحران کے مختلف چہرے ہیں۔ یہ وہ بحران ہے جس نے دنیا کے سامنے ایک بنیادی سوال کھڑا کر دیا ہے کہ کیا موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیاتی مسئلہ ہے، یا یہ انسانوں کے لیے انصاف کا بھی سب سے بڑا امتحان بن چکی ہے؟
یہ سوال اس لیے بھی اہم ہے کہ موسمیاتی بحران کا سب سے زیادہ بوجھ ان لوگوں پر پڑ رہا ہے جن کا اس بحران کو جنم دینے میں سب سے کم کردار ہے۔ جن ممالک نے گزشتہ دو صدیوں میں کوئلے، تیل اور گیس کے بے دریغ استعمال سے صنعتی ترقی کی، وہ آج مضبوط معیشتوں، جدید انفراسٹرکچر اور مالی وسائل کے باعث نسبتاً محفوظ ہیں۔ اس کے برعکس افریقہ، جنوبی ایشیا، لاطینی امریکہ اور بحرالکاہل کے چھوٹے جزیرہ نما ممالک، جن کا تاریخی کاربن اخراج نہایت محدود ہے، شدید گرمی، تباہ کن سیلاب، خشک سالی، سمندری طوفانوں اور پانی کے بحران کا مسلسل سامنا کر رہے ہیں۔ یہی تضاد آج دنیا میں موسمیاتی ناانصافی (Climate Injustice) کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔
موسمیاتی انصاف کا تصور کوئی جذباتی نعرہ نہیں بلکہ بین الاقوامی موسمیاتی مذاکرات کا ایک بنیادی اصول ہے۔ اس کی بنیاد اس سائنسی حقیقت پر ہے کہ صنعتی انقلاب کے بعد سے فضا میں جمع ہونے والی گرین ہاؤس گیسوں کا بڑا حصہ چند ترقی یافتہ معیشتوں کی پیداوار ہے، جبکہ ان اخراجات کے اثرات پوری دنیا، خصوصاً کمزور معیشتوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔
یہ عدم توازن صرف سائنسی اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ انسانی زندگی کے ہر شعبے میں دکھائی دیتا ہے۔ جب غیرمعمولی بارشیں کسی غریب ملک میں سیلاب برپا کرتی ہیں تو صرف گھر ہی نہیں ڈوبتے بلکہ اسکول، اسپتال، سڑکیں، کھڑی فصلیں، مویشی اور روزگار کے ذرائع بھی تباہ ہو جاتے ہیں۔ جب مسلسل خشک سالی کسی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہے تو صرف پانی کی قلت نہیں بڑھتی بلکہ غذائی بحران، غربت، بے روزگاری اور نقل مکانی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ یوں موسمیاتی تبدیلی آہستہ آہستہ ترقی کے کئی عشروں کی کامیابیوں کو چند ہفتوں یا مہینوں میں مٹا دیتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں موسمیاتی تبدیلی ایک ماحولیاتی بحران سے بڑھ کر عالمی معاشی اور سیاسی انصاف کا مسئلہ بن جاتی ہے۔
اس عالمی تصویر میں پاکستان کی صورتحال خاص طور پر تشویشناک ہے۔ پاکستان کا عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، لیکن موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کی فہرست میں اس کا شمار مسلسل ہورہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ملک نے ریکارڈ توڑ گرمی کی لہریں، غیر متوقع مون سون، شدید سیلاب، گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات، طویل خشک سالی اور پانی کے بڑھتے ہوئے بحران کا سامنا کیا ہے جس میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ تمام واقعات بتا رہے ہیں کہ پاکستان کے لیے موسمیاتی تبدیلی کوئی مستقبل کا خدشہ نہیں بلکہ موجودہ دور کا ایک مستقل چیلنج ہے۔
2022 کے تباہ کن سیلاب نے اس حقیقت کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔ اس سانحے نے عالمی سطح پر موسمیاتی انصاف کی بحث کو بھی نئی شدت دی، کیونکہ دنیا نے پہلی بار اتنے واضح انداز میں دیکھا کہ کم اخراج کرنے والا ایک ملک ایسے بحران کی قیمت ادا کر رہا ہے جس کے اسباب کہیں اور پیدا ہوئے تھے۔ تاہم موسمیاتی ناانصافی کا دائرہ صرف قدرتی آفات تک محدود نہیں۔ شدید گرمی سے مزدور کی محنت متاثر ہوتی ہے، پانی کی قلت سے کسان کی آمدنی کم ہوتی ہے، آلودہ پانی سے بچوں کی صحت خراب ہوتی ہے، اور تباہ شدہ فصلوں کے باعث خوراک مہنگی ہو جاتی ہے۔ نتیجتاً موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیات کا مسئلہ نہیں رہتی بلکہ معیشت، صحت، تعلیم، خوراک، روزگار اور قومی سلامتی کا بھی مسئلہ بن جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں موسمیاتی بحران کو ترقی کا بحران بھی کہا جا رہا ہے۔
یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ دنیا اب موسمیاتی تبدیلی کے وجود پر تو متفق ہو چکی ہے، لیکن اس کے بوجھ کی منصفانہ تقسیم پر اتفاق ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا۔ ہر سال عالمی کانفرنسوں میں اخراج میں کمی، موسمیاتی مالیات اور نقصان و تلافی کے وعدے دہرائے جاتے ہیں، مگر متاثرہ ممالک آج بھی وسائل، ٹیکنالوجی اور مالی معاونت کے لیے طویل انتظار کرتے ہیں۔ یہی وہ خلا ہے جہاں سے موسمیاتی ناانصافی جنم لیتی ہے اور عالمی نظام کے انصاف پر سوال اٹھاتی ہے۔ اسی پس منظر میں یہ سوال پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے کہ کیا دنیا موسمیاتی تبدیلی کو صرف درجہ حرارت میں اضافے کا مسئلہ سمجھے گی، یا اسے انسانی انصاف، عالمی مساوات اور مشترکہ ذمہ داری کے تناظر میں بھی دیکھے گی؟ اس سوال کا جواب آنے والی دہائیوں میں صرف ماحول کا نہیں بلکہ پوری انسانی تہذیب کے مستقبل کا تعین کرے گا۔
گزشتہ دو دہائیوں کے دوران عالمی برادری نے متعدد موسمیاتی سربراہی اجلاسوں میں یہ تسلیم کیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اضافی مالی وسائل، جدید ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی معاونت کی ضرورت ہے۔ 2009 میں ترقی یافتہ ممالک نے یہ وعدہ کیا کہ وہ ہر سال 100 ارب امریکی ڈالر کی موسمیاتی مالی معاونت فراہم کریں گے تاکہ کمزور معیشتیں اپنے انفراسٹرکچر کو موسمیاتی خطرات کے مطابق ڈھال سکیں، قابلِ تجدید توانائی کو فروغ دیں اور قدرتی آفات کے اثرات کم کر سکیں۔ لیکن اس ہدف کے حصول میں سالوں کی تاخیر نے ترقی پذیر ممالک میں اعتماد کے بحران کو جنم دیا۔
اس سے بھی زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ جو مالی وسائل فراہم کیے گئے، وہ کس شکل میں تھے؟ متعدد آزاد مطالعات اور بین الاقوامی تجزیوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اس رقم کا بڑا حصہ بلا عوض امداد کے بجائے قرضوں کی صورت میں دیا گیا۔ یوں وہ ممالک، جو پہلے ہی معاشی مشکلات اور بیرونی قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے، موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے مزید قرض لینے پر مجبور ہو گئے۔ اس صورتحال نے ایک نئی بحث کو جنم دیا کہ کیا موسمیاتی مالیات درحقیقت انصاف فراہم کر رہی ہیں، یا وہ غریب ممالک کو ایک نئے مالیاتی انحصار کی طرف دھکیل رہی ہیں؟
مسئلہ صرف فنڈز کی مقدار کا نہیں بلکہ ان کی ترجیحات کا بھی ہے۔ عالمی موسمیاتی سرمایہ کاری کا بڑا حصہ ایسے منصوبوں پر خرچ ہوتا ہے جن کا مقصد اخراج میں کمی ہے، مثلاً شمسی اور ہوائی توانائی، برقی گاڑیاں اور کم کاربن صنعتیں۔ یہ اقدامات یقیناً ضروری ہیں، لیکن ان ممالک کے لیے زیادہ فوری ضرورت موافقت (Adaptation) کی ہے، جہاں لوگ آج سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی اور سمندری طوفانوں کے اثرات برداشت کر رہے ہیں۔
اسی تناظر میں “نقصان و تلافی” (Loos & Damage) کا تصور عالمی موسمیاتی سفارت کاری کے مرکز میں آیا۔ ترقی پذیر ممالک نے برسوں تک یہ مؤقف اختیار کیا کہ کچھ نقصانات ایسے ہوتے ہیں جن کی تلافی صرف مقامی وساءل سے ممکن نہیں۔ اگر کسی جزیرے کا ایک حصہ سمندر برد ہو جائے، اگر گلیشیئر پھٹنے سے پورا گاؤں تباہ ہو جائے، یا اگر مسلسل خشک سالی لاکھوں افراد کو نقل مکانی پر مجبور کر دے، تو اسے محض “ترقیاتی چیلنج” قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یہ وہ نقصان ہے جس کی ذمہ داری عالمی سطح پر تقسیم ہونی چاہیے۔
کئی برس کے طویل مذاکرات کے بعد لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام پر اتفاق ایک اہم سفارتی پیش رفت ضرور تھی، لیکن اصل امتحان اس کے بعد شروع ہوا۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس فنڈ میں اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ ہر سال بڑھتے ہوئے موسمیاتی نقصانات کا ازالہ کر سکے؟مختلف عالمی تخمینوں کے مطابق ترقی پذیر ممالک کو صرف موسمیاتی موافقت اور نقصانات سے نمٹنے کے لیے آئندہ برسوں میں سالانہ سیکڑوں ارب ڈالر درکار ہوں گے، جبکہ اب تک کیے گئے مالی وعدے اس ضرورت سے کہیں کم ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کئی ماہرین موجودہ موسمیاتی مالیاتی نظام کو “ضرورت اور فراہمی کے درمیان وسیع خلا” قرار دیتے ہیں۔
پاکستان اس خلا کو بخوبی محسوس کرتا ہے۔ 2022 کے سیلاب کے بعد عالمی برادری نے امداد اور تعاون کے اعلانات کیے، لیکن بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے درکار وسائل کی فراہمی ایک طویل عمل ثابت ہوئی۔ متاثرہ علاقوں میں آج بھی بے شمار خاندان محفوظ رہائش، معیاری صحت کی سہولیات، صاف پانی اور پائیدار روزگار کی تلاش میں ہیں۔ اس تجربے نے واضح کر دیا کہ موسمیاتی بحران صرف آفت کے دن ختم نہیں ہوتا بلکہ اس کے اثرات کئی سال تک قومی ترقی کو متاثر کرتے رہتے ہیں۔
موسمیاتی انصاف کا ایک اہم ستون ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ہے۔ جدید موسمیاتی پیش گوئی کے نظام، پانی کے مؤثر استعمال، خشک سالی برداشت کرنے والی فصلوں، کم کاربن صنعتوں، شہری ٹھنڈک کے منصوبوں اور قابلِ تجدید توانائی کی جدید ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی کے بغیر ترقی پذیر ممالک موسمیاتی خطرات کا مؤثر مقابلہ نہیں کر سکتے۔ اگر جدید ٹیکنالوجی صرف چند امیر معیشتوں تک محدود رہے گی تو عالمی عدم مساوات مزید گہری ہوگی۔
اسی طرح صلاحیت سازی (Capacity Building ) بھی موسمیاتی انصاف کا لازمی جز ہے۔ بہت سے ترقی پذیر ممالک کے پاس ماہر افرادی قوت، تحقیق، ڈیٹا، موسمیاتی ماڈلنگ اور منصوبہ بندی کے لیے مطلوبہ ادارہ جاتی استعداد محدود ہے۔ اس خلا کو پر کیے بغیر نہ تو عالمی فنڈز مؤثر انداز میں استعمال ہو سکتے ہیں اور نہ ہی مقامی سطح پر پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ موسمیاتی مالیات کا اصل مقصد صرف متاثرہ ممالک کو امداد فراہم کرنا نہیں، بلکہ انہیں اتنا مضبوط بنانا ہے کہ وہ مستقبل کے خطرات کا خود مقابلہ کر سکیں۔ اسی لیے آج دنیا کے سامنے سب سے بڑا سوال صرف یہ نہیں کہ کتنی رقم دی جائے، بلکہ یہ ہے کہ کتنی تیزی، کتنی شفافیت اور کتنے انصاف کے ساتھ دی جائے۔
اگر موسمیاتی ناانصافی کو صرف کاربن کے اخراج، عالمی معاہدوں یا موسمیاتی مالیات کے تناظر میں دیکھا جائے تو اس تصویر کا سب سے اہم رخ ہماری نظروں سے اوجھل رہ جاتا ہے۔ درحقیقت موسمیاتی بحران کا اصل چہرہ کسی بین الاقوامی کانفرنس کے اجلاس میں نہیں بلکہ اس کسان کے کھیت میں نظر آتا ہے جس کی فصل بارش نہ ہونے کے باعث سوکھ چکی ہے، اس ماہی گیر کی کشتی میں دکھاءی دیتا ہے جس کے سمندر میں اب پہلے جیسی مچھلی نہیں رہی، اور اس بچے کی آنکھوں میں جھلکتا ہے جسے سیلاب کے بعد اپنا اسکول چھوڑنا پڑا۔ یہی وہ حقیقت ہے جو موسمیاتی تبدیلی کو انسانی وقار، معاشی مساوات اور سماجی انصاف کا مسئلہ بناتی ہے۔
پاکستان میں بھی یہی صورتحال نمایاں ہوتی جا رہی ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے خشک علاقوں میں پانی کی کمی، پنجاب میں گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت، شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور ساحلی سندھ میں سمندری کٹاؤ نے لاکھوں افراد کے روزگار کو متاثر کیا ہے۔ بدین، ٹھٹھہ اور دیگر ساحلی علاقوں میں سمندر کی پیش قدمی زرعی زمینوں کو تباہ کرتی جا رہی ہے، زیر زمین پانی کھارا ہوتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں ان علاقوں کے مکین نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف شمالی پاکستان میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے بڑھتے ہوئے خطرات نے پہاڑی آبادیوں کے لیے نئے چیلنج پیدا کر دیے ہیں۔
خوراک کا بحران بھی موسمیاتی ناانصافی کا ایک اہم پہلو بن چکا ہے۔ جب شدید گرمی، بے ترتیب بارشیں یا سیلاب زرعی پیداوار کو متاثر کرتے ہیں تو صرف کسان ہی نقصان نہیں اٹھاتا بلکہ پورا غذائی نظام دباؤ میں آ جاتا ہے۔ پیداوار کم ہونے سے قیمتیں بڑھتی ہیں، غریب خاندان اپنی آمدنی کا بڑا حصہ خوراک پر خرچ کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جبکہ بچوں اور خواتین میں غذائی قلت کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ یوں موسمیاتی تبدیلی براہِ راست غذائی تحفظ کو کمزور کرتی اور صحتِ عامہ پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
شدید گرمی کی لہریں اس بحران کی ایک اور مثال ہیں۔ پہلے گرمی کا موسم چند ہفتوں تک محدود رہتا تھا، لیکن اب پاکستان سمیت کئی ممالک میں شدید گرمی کے دورانیے طویل اور زیادہ خطرناک ہو رہے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر وہ لوگ ہوتے ہیں جو کھلے آسمان تلے کام کرتے ہیں، مثلاً مزدور، کسان، تعمیراتی کارکن، ٹریفک اہلکار اور صفاءی کا عملہ۔ یہ وہ طبقہ ہے جو نہ صرف شدید گرمی میں روزگار جاری رکھنے پر مجبور ہوتا ہے بلکہ اکثر مناسب طبی سہولیات، سایہ، صاف پانی اور سماجی تحفظ سے بھی محروم ہوتا ہے۔
موسمیاتی ناانصافی کا ایک خاموش مگر انتہائی سنگین پہلو خواتین اور بچوں پر اس کے غیر متناسب اثرات ہیں۔ دیہی علاقوں میں خواتین پانی اور ایندھن کے حصول کی بنیادی ذمہ دار ہوتی ہیں۔ جب پانی کے ذرائع خشک ہونے لگتے ہیں تو انہیں پہلے سے کہیں زیادہ فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں، جس سے ان کی صحت، تعلیم اور معاشی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ اسی طرح قدرتی آفات کے بعد تعلیم کا سلسلہ ٹوٹنے کا خطرہ بچوں، خصوصاً بچیوں، کے لیے زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ عالمی تجربات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ آفات کے بعد خواتین اور بچے صحت، غذاءیت اور تحفظ کے اضافی خطرات سے دوچار ہوتے ہیں۔
شہری علاقوں میں بھی موسمیاتی ناانصافی ایک نئی شکل اختیار کر رہی ہے۔ ایک ہی شہر میں موسمیاتی خطرات سب کے لیے یکساں نہیں ہوتے۔ پوش علاقوں میں سرسبز مقامات، بہتر نکاسی آب، مضبوط عمارتیں، ایئرکنڈیشننگ اور صحت کی معیاری سہولیات موجود ہوتی ہیں، جبکہ کچی آبادیوں میں رہنے والے لاکھوں افراد ٹین کی چھتوں، محدود پانی، ناقص نکاسی آب اور آلودہ ماحول میں شدید گرمی اور بارشوں کا سامنا کرتے ہیں۔ کراچی جیسے شہروں میں گرمی کی لہروں کے دوران یہی فرق انسانی جانوں کے ضیاع میں بھی نمایاں نظر آتا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کا ایک اور نتیجہ موسمیاتی نقل مکانی (Climate Migration) کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔ جب زمین قابلِ کاشت نہ رہے، سمندر بستیاں نگلنے لگے یا سیلاب بار بار زندگی کو مفلوج کر دے تو لوگوں کے پاس نقل مکانی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچتا۔ یہ نقل مکانی صرف ایک مقام سے دوسرے مقام تک کا سفر نہیں ہوتی بلکہ اس کے ساتھ روزگار، سماجی رشتے، تعلیم، صحت اور شناخت کے مساءل بھی جڑ جاتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ اگر موسمیاتی تبدیلی کی رفتار یہی رہی تو آئندہ دہائیوں میں دنیا کو موسمیاتی نقل مکانی کی ایک نئی لہر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ تمام حقائق ایک بنیادی سوال کو جنم دیتے ہیں کہ کیا موسمیاتی بحران واقعی سب کے لیے برابر ہے؟ جواب واضح طور پر’’ نہیں ‘‘ہے۔ ایک امیر ملک اور ایک غریب ملک، ایک جدید شہر اور ایک کچی آبادی، ایک خوشحال خاندان اور ایک یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات یکساں نہیں ہوتے۔ یہی عدم مساوات موسمیاتی ناانصافی کی اصل بنیاد ہے۔ اسی لیے آج دنیا کو صرف درجہ حرارت کم کرنے کی حکمت عملی نہیں، بلکہ ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جو انسان کو مرکز میں رکھیں۔
موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں دنیا اب اس مرحلے سے بہت آگے بڑھ چکی ہے جہاں یہ بحث کی جائے کہ یہ حقیقت ہے یا نہیں۔ سائنسی شواہد، مسلسل بڑھتا ہوا عالمی درجہ حرارت، ریکارڈ توڑ گرمی کی لہریں، شدید بارشیں، تباہ کن سیلاب، طویل خشک سالی، سمندری سطح میں اضافہ اور پگھلتے ہوئے گلیشیئرز اس حقیقت کی گواہی دے رہے ہیں کہ زمین ایک نئے موسمیاتی دور میں داخل ہو چکی ہے۔ اب اصل سوال یہ نہیں کہ موسمیاتی بحران موجود ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ کیا دنیا اس بحران کا مقابلہ انصاف کے اصولوں کے مطابق کرے گی یا طاقت اور دولت کے پیمانوں پر؟
گزشتہ تین دہائیوں کے عالمی موسمیاتی مذاکرات کا جائزہ لیا جائے تو ایک حقیقت بار بار سامنے آتی ہے کہ سائنسی اتفاقِ رائے، سیاسی اتفاقِ رائے سے کہیں آگے نکل چکا ہے۔ سائنس دان مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ اخراج میں فوری اور بڑے پیمانے پر کمی ناگزیر ہے، مگر عالمی سیاست، معاشی مفادات اور جغرافیائی کشیدگی اس رفتار سے فیصلے نہیں کر پا رہے جس کی ضرورت ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ موسمیاتی بحران ہر سال زیادہ شدید اور زیادہ مہنگا ہوتا جا رہا ہے، جبکہ سب سے زیادہ قیمت وہ ممالک ادا کر رہے ہیں جو اس بحران کے ذمہ دار نہیں۔
یہ ہی وہ بنیادی وجہ ہے کہ پاکستان کے لیے اب موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیات کی وزارت یا چند ترقیاتی منصوبوں تک محدود موضوع نہیں رہ سکتی۔ اسے قومی سلامتی، اقتصادی منصوبہ بندی، شہری ترقی، زراعت، آبی وسائل، صحتِ عامہ، تعلیم اور خارجہ پالیسی کا مستقل جزو بنانا ہوگا۔ شہروں کی منصوبہ بندی میں سبز مقامات کا اضافہ، بارش کے پانی کا مؤثر انتظام، ہیٹ ایکشن پلان، پانی کے ضیاع کی روک تھام، موسمیاتی موافق زراعت، قابلِ تجدید تواناءی میں سرمایہ کاری، جنگلات کا تحفظ اور مقامی حکومتوں کی استعداد میں اضافہ وہ اقدامات ہیں جنہیں مستقبل کی پالیسی کا بنیادی حصہ بنانا ضروری ہو گیا ہے۔
اسی کے ساتھ پاکستان کو اپنی موسمیاتی سفارت کاری بھی مزید مضبوط بنانا ہوگی۔ عالمی موسمیاتی فورمز پر پاکستان کی آواز صرف امداد کے حصول تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے موسمیاتی انصاف، نقصان و تلافی، موافقتی مالیات، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مؤقف کی مؤثر نمائندگی بھی کرنی چاہیے۔ پاکستان اس حوالے سے ان ممالک کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کر سکتا ہے جو یکساں موسمیاتی خطرات کا سامنا کر رہے ہیں، تاکہ عالمی مذاکرات میں ان کی اجتماعی آواز زیادہ مؤثر ہو۔
یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ موسمیاتی ناانصافی صرف متاثرہ ممالک کا مسئلہ نہیں۔ اگر افریقہ میں غذائی بحران شدت اختیار کرتا ہے، اگر جنوبی ایشیا میں پانی کی قلت بڑھتی ہے، اگر چھوٹے جزیرہ نما ممالک اپنی زمین کھو دیتے ہیں، یا اگر موسمیاتی نقل مکانی میں اضافہ ہوتا ہے، تو اس کے اثرات عالمی تجارت، معیشت، سلامتی اور سیاسی استحکام پر بھی مرتب ہوں گے۔ ایک باہم جڑی ہوئی دنیا میں کسی ایک خطے کا موسمیاتی بحران آخرکار پوری دنیا کا بحران بن جاتا ہے۔ اگر یہ عدم توازن برقرار رہا تو موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیات کا بحران نہیں رہے گی بلکہ عالمی امن، انسانی حقوق اور معاشی انصاف کے لیے بھی ایک مستقل خطرہ بن جاءے گی۔ کیوں کہ موسمیاتی ناانصافی کوئی نظریاتی بحث نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کی روزمرہ حقیقت ہے۔
ہمیں سمجھ لینا چاہیے کہ موسمیاتی بحران کے خلاف جنگ صرف کاربن کے اخراج کو کم کرنے سے نہیں جیتی جا سکتی۔ اس جنگ کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ دنیا انصاف کو اپنی حکمتِ عملی کا مرکز بناتی ہے یا نہیں۔ آخرکار، موسمیاتی ناانصافی ہمیں ایک بنیادی اخلاقی سوال کے سامنے لا کھڑا کرتی ہے کہ کیا آنے والی نسلوں کو ایسی دنیا ورثے میں دی جائے گی جہاں ترقی کا معیار صرف دولت ہوگا، یا ایسی دنیا جہاں انصاف، ذمہ داری اور مشترکہ بقا کو بھی ترقی کا لازمی حصہ سمجھا جائے گا؟ اس سوال کا جواب آج کی عالمی قیادت کو دینا ہے، لیکن اس کے نتائج آنے والی نسلیں بھگتیں گی۔ اگر دنیا نے اب بھی موسمیاتی انصاف کو اپنی ترجیح نہ بنایا تو تاریخ شاید یہ لکھے گی کہ انسان نے ٹیکنالوجی کی بلند ترین منازل تو حاصل کر لیں، مگر وہ انصاف کے سب سے بڑے امتحان میں ناکام رہا۔



