پاکستانی عازمین کے لئے سود سے پاک ‘حج سیونگ پلان’ متعارف کرانے کی تیاریاں

0
2

اسلام آباد: عازمینِ حج کے لیے سود سے پاک ‘حج سیونگ اسکیم کی سمری کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی، عازمین اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق بچت کی مدت کا انتخاب کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے عازمینِ حج کو مالی آسانیاں فراہم کرنے کے لیے سود سے پاک ‘حج سیونگ پلان’ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ خزانہ اور قومی بچت کے اشتراک سے تیار کی گئی اس اہم اسکیم کی سمری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

اس منصوبے کے تحت حج کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی پیشگی مالی منصوبہ بندی کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل بچت نظام تیار کیا جائے گا۔

اس اقدام سے عازمینِ حج کو ماہانہ بنیادوں پر آسان ڈیجیٹل ذرائع سے رقم جمع کرانے کی سہولت میسر آئے گی، جس سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں بروقت مالی تیاریوں میں بڑی مدد ملے گی۔

عازمین اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق بچت کی مدت کا انتخاب کر سکیں گے جبکہ جمع شدہ رقم یا اکاؤنٹ کی سہولت خاندان کے دیگر افراد کو منتقل کرنے کا اختیار بھی شامل ہو گا۔

اگر کوئی شخص کسی بھی مرحلے پر رقم واپس نکالنا چاہے، تو اسے بغیر کسی کٹوتی کے اپنے پیسے واپس لینے کی مکمل سہولت دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اس پلان کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے حج کے ساتھ ساتھ عمرہ اور دیگر مذہبی زیارات کے لیے بھی اسی طرز کی بچت اسکیمیں متعارف کرانے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

حج سیونگ پلان کے مکمل طریقہ کار اور قواعد و ضوابط آئندہ 2 ماہ کے اندر حتمی طور پر تیار کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد اس منصوبے کے باقاعدہ افتتاح اور دیگر تفصیلات کا اعلان عام کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں