کراچی میں آٹزم میں مبتلا بچوں کی مفت تھراپی اور تربیت

0
2

کراچی : شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں آٹزم کے شکار بچوں کی تعلیم و تربیت اور معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس مرکز میں مختلف علاقوں سے آنے والے بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ اسپیچ تھراپی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سولجر بازار میں قائم ایک نجی اسکول میں کراچی کے مختلف علاقوں سے آنے والے آٹزم کا شکار بچوں کی خصوصی تربیت کی جاتی ہے۔

ادارے میں بچوں کو تعلیم کے حصول کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی انفرادی صلاحیتوں اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق آٹزم کا شکار بچوں میں بہتری کے لیے صبر اور مستقل مزاجی ضروری ہے، کیونکہ بعض دیگر مسائل کے مقابلے میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کو معمول کی سرگرمیوں سے ہم آہنگ ہونے میں زیادہ وقت درکار ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی خصوصی اہمیت دی جاتی ہے، اسکول کے عملے کی جانب سے بچوں کو کھیل کود اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ ان کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔

اس مقصد کے لیے بچوں کو پی ایم اے ہاؤس گارڈن کے سرسبز ماحول میں بھی لے جایا جاتا ہے، جہاں انہیں اپنی پسند کے مطابق مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی آزادی دی جاتی ہے۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق سرسبز ماحول اور کھلے مقامات میں سرگرمیوں سے بچوں کے رویوں میں مثبت تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ ایسی سرگرمیوں سے بچوں کا ذہن تازہ ہوتا ہے اور انہیں اپنے کام خود کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد آٹزم کا شکار بچوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کرنا اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے تیار کرنا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں