گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ہماری پالیسی وفاق سے آئے گی کابل سے نہیں۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے عوام نے نفرت، انتہاپسندی کی سیاست کو مسترد کردیا ہے، دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام ہماری پہلی ترجیح ہوگی۔
“کوئی توڑ پھوڑ کرے گا تو قانون کے مطابق نمٹا جائے گا”
انہوں نے کہا کہ کوئی توڑ پھوڑ کرے گا تو قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، ہماری کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ہم نے 13 سال کا گند صاف کرنا ہے، ہم تین ماہ میں وہ کام کرکے دکھائیں گے جو پہلے نہیں ہوئے۔
“کے پی میں ایک دو روز میں تمام راستے کھل جائیں گے”
گورنر کے پی نے کہا کہ اسلام آباد میں آج کنٹینر ہٹا دیئےگئے ہیں، کے پی میں ایک دو روز میں تمام راستے کھل جائیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق نے ہم پر اعتماد کیا ہے ہماری پہلی ترجیح دہشتگردی کے خلاف جنگ ہے، پچھلے دنوں لگے سرکس کو مسترد کرنے پر کے پی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
“گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کرنے والوں کا میں خود بھی انتظار کررہا ہوں”
ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کرنے والوں کا میں خود بھی انتظار کررہا ہوں، یہ تو انقلاب لانے کے لیے گورنر ہاوس تک نہیں آئے، میں نے توان کی خدمت کا بندوبست کیا تھا، لانگ مارچ کرنے والوں کا کنٹینر ابھی تک لاوارث پڑا ہے انتظار کررہے ہیں کون لینے آتا ہے۔
“کے پی پولیس کی تنخواہ دیگر صوبوں کے برابر لائیں گے”
گورنر کے پی نے کہا کہ اپنی فوج ، پولیس، ایف سی ، قانون نافذ کرنیوال ےاداروں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ تمام اداروں کو مکمل سپورٹ کریں گے، پہلی ترجیح پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کو بڑھانا ہے، پولیس کے جوانوں کو تمام جدید سہولتیں فراہم کریں گے، کے پی پولیس کی تنخواہ دیگر صوبوں کے برابر لائیں گے، شہدا پیکج میں اضافہ کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کے پی عوام ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وفاقی حکومت صوبے کی تمام ضرورتیں پوری کرے گی۔



