لاہور: سرور فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بیگم پروین سرور نے کہا ہے کہ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام لگائے گئے مفت آئی کیمپ میں مستحق مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ اور مفت آپریشن کیے جا رہے ہیں، جبکہ جلد ہی عوام کی سہولت کے لیے مفت ڈینٹل کیمپ بھی منعقد کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروین سرور کا کہنا تھا کہ سرور فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت اور مستحق افراد کو صحت کی معیاری اور مفت سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں مریضوں کا جدید مشینری کے ذریعے چیک اپ کر رہی ہیں اور ضرورت مند مریضوں کو مفت ادویات، عینکیں اور آپریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دانتوں کے امراض سے متاثرہ مستحق شہریوں کے علاج کے لیے آئندہ دنوں میں مفت ڈینٹل کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ غریب اور نادار افراد کو بروقت اور مفت طبی امداد میسر آ سکے۔



