انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے گفٹ اسکیم !‌ اہم خبر آگئی

0
15

اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے 14 اگست کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کے لیے گفٹ اسکیم کے آغاز کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم اور نئے مالی سال کے انکم ٹیکس گوشوارے متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو اس اسکیم اور نئے آسان فارم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

ذرائع ایف بی آر نے بتایا کہ 30 ستمبر تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

اسکیم کے تحت تاجروں کے لیے دکان کے باہر ایف بی آر کی رجسٹریشن پلیٹ آویزاں کرنا لازمی ہوگا تاہم، 30 ستمبر تک گوشوارے دینے والے تاجروں کو 25 ہزار روپے مالیت کی یہ پلیٹ بطور گفٹ فراہم کی جائے گی اور رجسٹریشن کی رقم بھی معاف ہوگی۔

بروقت ٹیکس فائل کرنے والوں کے لیے الگ سے بھی گفٹ اور انسنٹیو اسکیم پر غور کیا جا رہا ہے۔تاہم مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 30 ستمبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے دینے والے تاجروں پر 25 ہزار روپے رجسٹریشن فیس کے ساتھ 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد ہوگا۔

ایف بی آر نے اس بار انکم ٹیکس فارم کو انتہائی سادہ اور مختصر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کاروباری اور انفرادی افراد کے لیے الگ الگ فارمز متعارف کرائے جائیں گے۔

انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے فارم مختصر ترین ہوگا جبکہ تاجروں کا فارم بھی انتہائی آسان رکھا گیا ہے، نئے انکم ٹیکس گوشواروں کا فارم 14 اگست کو لانچ کیا جائے گا۔

گوشوارہ جمع کرانے کے بعد اگر اس میں کوئی غلطی ہو یا تبدیلی درکار ہو، تو تاجروں کو 48 گھنٹے کے اندر تصحیح کی مہلت دی جائے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں