تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی ملک بھر میں پمپ بند کرنے کا اعلان کردیا.
پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کہا گیا کہ 15 اگست کی صبح 6 بجے سے غیرمعینہ مدت تک ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔
پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے کہا کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور 14 ہزار ممبران کا دباؤ ہے، مطالبات پورے ہونے تک پیٹرول پمپس نہیں کھولیں گے۔
وائس چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن انور کمال نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع کے مارجن کے معاملے پر حکومت نے کیا پیش رفت کی، اس بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا گیا۔
پیٹرولیم ڈیلرز نے واضح کیا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں 15 اگست سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی بندش غیرمعینہ مدت تک جاری رہے گی۔



