کراچی: ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کے باعث درآمدی اور برآمدی سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایچ ایم اے چیئرمین فیصل ارشد شیخ کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے پاکستان کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ہڑتال سے ملک کی برآمدی اور زرمبادلہ پر منفی اثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان روزانہ تقریباً 26 ارب 36 کروڑ روپے کی برآمدات کر رہا ہے، برآمدی کنٹینرز پورٹس نہ پہنچنے اور شپمنٹ رکنے سے برآمدات متاثر ہوں گی، کنٹینرز جہاز پر لوڈ نہ ہونے سے ڈیٹینشن، ڈیمریج اور اسٹوریج اخراجات بڑھ رہے ہیں۔
فیصل ارشد نے کہا کہ پورٹ اتھارٹیز متاثرہ برآمدی کنٹینرز کی ترجیحی بنیادوں پر نقل و حرکت یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سے فوری مذاکرات کرکے مسئلہ حل کیا جائے، ہڑتال کے باعث براہ راست عائد ڈیٹینشن، ڈیمریج اور اسٹوریج چارجز میں ریلیف دیا جائے، تاخیر کا ہر گزرتا دن برآمدات، زرمبادلہ اور صنعتی پیداوار کے لیے خطرہ ہے۔



