آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں تاریخی کامیابی پر لیجنڈ وسیم اکرم نے بنگلادیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ طاقتور آسٹریلیا کے خلاف بنگلا دیش نے شاندار کامیابی حاصل کی یہ جیت ظاہر کرتی ہے کہ بنگلا دیش نے ٹیسٹ کرکٹ میں کتنی بہتری کی ہے اور ان کی ترجیحات کیا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اوپنر تنزید نے شاندار سنچری اسکور کی جب کہ میں حسن محمود سے بہت متاثر ہوں جنہوں نے خوبصورت لینتھ گیند کی، مناسب ٹیسٹ لینتھ پر بولنگ کی۔
میچ
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پہلی بار ٹیسٹ میچ میں ہرا دیا ہے۔
بنگلہ دیش نے 23 سال بعد آسٹریلیا کے دورے کا آغاز فتح سے کیا ہے اور حال ہی میں اپنی سر زمین پر پہلی بار کینگروز کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد ڈارون میں پہلی بار ٹیسٹ میچ میں بھی ہرا دیا ہے۔
آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جا رہی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے میزبان کینگروز ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹیسٹ چیمپئن کو 9 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
آسٹریلیا دوسری اننگ میں 284 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 57 رنز کا ٹارگٹ دیا جو مہمان ٹیم نے با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ مومن الحق 30 اور شادمان اسلام 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ تنزید حسین صفر پر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے ہیرو بنگلہ دیشی بولر حسن محمود رہے، جنہوں نے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود آسٹریلیا کو چوتھے نمبر کی ٹیم بنگلہ دیش نے پہلے روز سے ہی دباؤ میں رکھا اور بنگلہ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 198 پر آل آؤٹ کر دیا۔ اسٹیو اسمتھ (71) کے علاوہ کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔
کینگروز بیٹنگ لائن کو ڈھیر کرنے میں حسن محمود کا اہم کردار رہا، جنہوں نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد اور عبادت حسین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیشی بیٹرز نے پہلی اننگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 426 رنز بنا کر 228 رنز کی قیمتی برتری حاصل کر کے آسٹریلیا پر دباؤ بڑھایا۔
تنزید حسین نے سنچری اننگ کھیلتے ہوئے 101 رنز بنائے۔ کپتان نجم الحسن شنٹو 84 اور مہدی حسین میراز نے 65 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ 6 وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے۔
آسٹریلیا نے دوسری اننگ میں کیمرون گرین کی سنچری اننگ کی بدولت 284 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے صرف 57 رنز کا ہدف دیا۔ مہدی حسن میراز نے 5 اور حسن محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 22 سے 26 اگست تک کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے رواں برس جون میں اپنی سر زمین پر آسٹریلیا کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست دے کر ورلڈ چیمپئن کو پہلی بار ون ڈے سیریز میں ہرایا تھا۔



