کراچی پورٹ پر چینل اور برتھوں کی گہرائی میں اضافے اور مطلوبہ گہرائی برقرار رکھنے کے لیے نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز (این ڈی ایم ایس) نے باقاعدہ ڈریجنگ آپریشنز شروع کردیئے ہیں۔
اس حوالے سے کراچی پورٹ پر ڈریجنگ منصوبے کے آغاز کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں این ڈی ایم ایس اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔کے پی ٹی حکام کے مطابق این ڈی ایم ایس، این ایل سی، کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ کا مشترکہ منصوبہ ہے، جس کا قیام ملک میں ڈریجنگ کے شعبے میں قومی صلاحیت پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
این ڈی ایم ایس کراچی ہاربر اپروچ چینل، ٹیپو سلطان چینل اور ساؤتھ وارف بیسن میں ڈریجنگ کرے گا۔ ڈریجنگ آپریشنز کے ذریعے کراچی پورٹ کی بحری گزرگاہوں کی مطلوبہ گہرائی برقرار رکھی جائے گی، جس سے بڑے ڈرافٹ کے بحری جہازوں کی بندرگاہ تک رسائی اور برتھنگ ممکن ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ پر بڑے بحری جہازوں کی آمد سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافے، بندرگاہ کی کارکردگی بہتر ہونے اور ملکی بحری رسائی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ڈریجنگ کے شعبے میں مقامی صلاحیت پیدا ہونے سے بیرونی کمپنیوں پر انحصار کم اور پاکستان کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہوگی۔
این ڈی ایم ایس رواں سال مئی میں پورٹ قاسم پر بھی ڈریجنگ آپریشنز کا آغاز کرچکا ہے۔حکام کے مطابق این ڈی ایم ایس کا قیام وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کی سفارشات کی روشنی میں عمل میں لایا گیا، جس کا مقصد ملک میں ڈریجنگ کی قومی صلاحیت کو فروغ دینا اور بندرگاہوں کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔
کراچی پورٹ پر جاری ڈریجنگ منصوبے سے بندرگاہ کی بحری رسائی میں بہتری اور بڑے بحری جہازوں کی آمد و رفت میں اضافے کی توقع ہے، جو پاکستان کی بحری معیشت اور تجارت کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔



