کراچی (8 ستمبر 2026): حکومت نے درآمد شدہ اضافی چینی کو اگلے کرشنگ سیزن سے قبل برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹی سی پی نے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے درآمد شدہ اضافی چینی کے ذخائر کو برآمد کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ ٹی سی پی نے 107,739 میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی کی برآمد کا ٹینڈر جاری کیا ہے۔
حکومت کی ہدایت پر ٹی سی پی نے ٹینڈر طلب کرتے ہوئے اضافی چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی بولیاں طلب کر لی ہیں۔
ٹی سی پی پپری گودام کراچی سے چینی ایکس ورکس بنیاد پر فروخت کرے گا اور یہ فروخت ’’جس حالت میں جہاں ہے‘‘ کی بنیاد پر ہوگی۔
ای پی اے ڈی ایس وی 2.0 پورٹل کے ذریعے چینی کی برآمد کیلیے بولیاں طلب کی گئی ہیں اور یہ بولیاں 28 ستمبر صبح 11 بجے تک جمع کرائی جاسکیں گی۔ ٹی سی پی کی ای ٹینڈرنگ، دستی بولیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔
چینی کی الیکٹرانک بولیاں 28 ستمبر صبح ساڑھے 11 بجے کھولی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ملک میں چینی کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے ای سی سی نے جون 2025 میں 5 لاکھ میٹرک ٹن تک چینی درآمد کرنے کی اجازت دی تھی اور ٹی سی پی نے تین لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کی تھی۔
درآمد شدہ چینی میں سے تقریباً ایک لاکھ 92 ہزار میٹرک ٹن مقامی مارکیٹ میں فروخت ہو گئی اور ٹی سی پی کے پاس تقریباً ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن درآمد شدہ چینی اب بھی موجود ہے۔ ای سی سی نے گزشتہ ماہ اگست میں یہ اضافی چینی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔



