وزیر اعظم سے ملاقات میں ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ شروع کر دیں گے: حافظ نعیم الرحمان

0
18

لاہور (24 ستمبر 2026): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا ہے کہ اگر وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پیٹرولیم لیوی سے متعلق ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ دوبارہ شروع کر دیں گے۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ابھی جو حکمت عملی بنائی اس میں ذرا بھی انحراف نہیں کیا، بجلی، ہم آئی پی پیز اور انسانیت کو دبانے والے مافیاز کو بے نقاب کرتے ہیں، ہم مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں تو ساتھ اپنا منشور بھی بتا رہے ہوتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز کے بارے میں بھی وزرا کہتے تھے کہ اُن سے بات نہیں کر سکتے، اس کے خلاف ہماری جدوجہد سے عوام کو ریلیف ملا، مسلسل دباؤ ڈالا تو حکومت نے خود بتایا کہ 57 آئی پی پیز سے بات کی ہے، حکومت کو اس سے 4500 ارب روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کے مسئلے پر کوئی سیاسی جماعت آواز نہیں اٹھا رہی تھی، چند ماہ قبل لوگ لیوی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے، ہم نے سمجھا دیا کہ لیوی کا پیٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں یہ جگا ٹیکس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنے آسان نہیں عوام کی محنت سے ہمارے دھرنے کامیاب ہوئے، عوام کو اعتماد میں لیں تو سیٹیں خود چل کر آئیں گی، سڑکیں بند کیں، دھرنے دیے، جلسے، ہڑتال اور لانگ مارچ بھی کیا، ہم اپنی تحریک سے دستبردار نہیں ہوئے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ کل لاہور میں بھرپور جلسہ عام منعقد ہوگا، خیبر پختونخوا میں ریلیاں جاری ہیں، ہمارے کارکن مکمل چارج ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں