بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم ’جب وی میٹ‘ میں کرینہ کپور کا کردار ’گیت کور‘ پاکستانی ڈرامہ سیریل ’ان کہی‘ میں شہناز شیخ کے کردار سے متاثر قرار دیا جارہا ہے۔
عاکف الیاس پاکستان کے ایک معروف فیشن اسٹائلسٹ، میک اپ آرٹسٹ اور مشہور شخصیات کے فوٹوگرافر ہیں جو انڈسٹری کے بڑے ستاروں کو اپنے منفرد اور مخصوص انداز سے نیا روپ دینے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
پاکستان میں ایک کامیاب کیریئر بنانے کے بعد، انہوں نے بہتر پیشہ ورانہ ترقی، ذاتی تحفظ اور ایک مختلف ماحول میں نئے سرے سے شروعات کرنے کے لیے بیرونِ ملک منتقل ہونے کا اہم فیصلہ کیا۔
بیرونِ ملک منتقلی کے باوجود عاکف اپنے پاکستانی کلائنٹس کے لیے اسٹائلنگ اور فوٹوگرافی کے اپنے شوق کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حال ہی میں عاکف الیاس نے نجی ٹی وی کے شو میں انکشاف کیا کہ فلم ’جب وی میٹ‘ کا کردار ’گیت‘ ، ڈرامہ ’ان کہی‘ کے اس کردار سے متاثر تھا جسے شہناز شیخ نے نبھایا تھا۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میں ایک بڑا انکشاف کر رہا ہوں بھارتی فلم تھی ’جب وی میٹ‘۔ میں نے ان کی پروڈکشن کمپنی کے لیے کام کیا تھا، یہ ایک بڑا پروڈکشن ہاؤس ہے تو جب میں ان کے ساتھ کام کر رہا تھا اور پروڈیوسرز سے بات چیت ہو رہی تھی، تو میں نے ’ان کہی‘ دیکھا پھر میں نے ’جب وی میٹ‘ دیکھا اور دوبارہ ’ان کہی‘ دیکھا آج تک میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ یہ ’ان کہی‘ کے اس کردار (ثنا) سے متاثر تھا جسے شہناز شیخ نے نبھایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے کلچر، شاعری، بات کرنے کے انداز اور طرزِ زندگی کے دیوانے ہیں یہاں تک کہ بنگلہ دیش میں بھی لوگ ہمارے ملبوسات کے لیے بے تاب رہتے ہیں۔ بھارت میں بھی انہیں پاکستانی کپڑے وغیرہ درکار ہوتے ہیں۔



