بھارت میں شوہر موٹر سائیکل پارک کرتا رہ گیا اور نئی نویلی دلہن مبینہ طور پر دوست کے ساتھ بھاگ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں یہ انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں 21 سالہ نوجوان اپنی 18 سالہ اہلیہ کے ساتھ چڑیا گھر کی سیر کو پہنچا تھا۔
شوہر نے بیوی کو چڑیا گھر کے داخلی دروازے پر رکنے کا کہا اور خود موٹر سائیکل کھڑی کرنے چلا گیا لیکن جب وہ چند منٹ بعد واپس آیا تو اہلیہ وہاں سے غائب تھی۔
رپورٹس کے مطابق خاتون مبینہ طور پر ایک دوسرے شخص کے ساتھ موٹرسائیکل پر روانہ ہو گئی جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
شوہر نے پولیس کو شکایت درج کراتے ہوئے ارمان خان نامی شخص پر اپنی اہلیہ کو بہلا پھسلا کر لے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون کی تلاش جاری ہے اور اس کے ملنے کے بعد ہی واضح ہوگا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی ہے یا نہیں۔



