(16 اکتوبر 2026): بولی وڈ اداکارہ کریتی سینن نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے غلط استعمال سے پریشان ہو کر عدالت سے رجوع کر لیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق کریتی سینن نے دہلی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں اپنی پرسنالٹی اور پبلسٹی رائٹس کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔ درخواست میں ان کے نام، تصویر اور شناخت کے دیگر پہلوؤں کا غیر مجاز استعمال شامل ہے۔
جسٹس پروشیندر کمار کورو نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد ان کے وکیل کو آئندہ سماعت پر اس حوالے سے ریکارڈ پر پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ پیش کیے گئے فیصلوں اور دیگر تحقیقی مواد کا جائزہ لینے کے بعد ایک جامع حکم جاری کیا جائے گا، درخواست پر مزید سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی۔
یہ پیشرفت دہلی ہائیکورٹ میں پرسنالٹی رائٹس سے متعلق تنازعات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے درمیان سامنے آئی، جس میں اے آئی سے تیار کردہ نقالی، ڈیپ فیکس، جعلی توثیق اور عوامی شخصیات کی شناخت کے غیر مجاز تجارتی استحصال کے الزامات شامل ہیں۔
حال ہی میں، دہلی ہائیکورٹ نے اداکارہ اور بی جے پی ایم پی کنگنا رناوت کی جانب سے دائر مقدمے میں سمن جاری کیا تھا، جس میں ان کی پرسنالٹی اور پبلسٹی رائٹس کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔



