پی ایس ایل 12 کے پلیئر آکشن کا انعقاد کب ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی

0
2

لاہور(23 اکتوبر 2026): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے پلیئرز کی ڈائریکٹ سائننگ اور آکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی سی بی) کے 12ویں ایڈیشن کے پری سیزن روڈ میپ کی توثیق کر دی ہے، جس کے تحت تمام 8 فرینچائزز کے لیے ڈائریکٹ سائننگز کا عمل شروع ہو گیا ہے جبکہ پلیئر آکشن 23 جنوری 2027 کو ہوگی۔

پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک طے شدہ ہے، جس میں 46 دنوں کے دوران پاکستان کے 5 سے 6 مختلف شہروں کے میدانوں میں 44 میچز کھیلے جائیں گے۔

پلیئر موومنٹ کیلیے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تمام فرینچائزز کو اپنی ڈائریکٹ سائننگز مکمل کرنے کے لیے 23 نومبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ ہر فرینچائز کو ایک مارکی کھلاڑی براہ راست سائن کرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ اس کھلاڑی نے پی ایس ایل 10 یا پی ایس ایل 11 نہ کھیلا ہو۔

کھلاڑیوں کی ریٹینشنز، پری آکشن ٹریڈ ونڈو، آکشن کے قوانین اور پلیئنگ کنڈیشنز کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ ہفتے فرینچائز ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان کے کرکٹ اسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے پی سی بی نے اپنے ڈومیسٹک سیزن کو پی ایس ایل پری سیزن شیڈول سے ہم آہنگ کیا ہے۔ نیشنل ٹی 20 گولڈ اور نیشنل ٹی 20 سلور ٹورنامنٹس پی ایس ایل 12 کے پلیئر آکشن سے قبل ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی کا ذریعہ بنیں گے، جس سے ڈومیسٹک کے بہترین کھلاڑیوں کو براہ راست فرینچائز کرکٹ اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئندہ ایڈیشن کو لیگ کا سب سے بڑا اور پُرعزم سیزن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے اور سیزن 12 اس کا اب تک کا سب سے شاندار ایڈیشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سیزن کو پہلے سے زیادہ شہروں میں لے جا کر شائقین کے قریب تر بنا رہے ہیں۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پی ایس ایل 5 سے 6 مقامات پر کھیلا جائے گا، جس سے ملک بھر کے شائقین کو عالمی معیار کی ٹی 20 کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سے بہترین اسکواڈز کی تشکیل کی دوڑ شروع ہو چکی ہے اور ہر ڈائریکٹ سائننگ، ٹریڈ اور ریٹینشن کا فیصلہ آنے والے سیزن کا رخ متعین کرے گا۔

پی سی بی آنے والے ہفتوں میں کھلاڑیوں کی ریٹینشنز، ٹریڈز اور آکشن قوانین سے متعلق مزید تفصیلات کا اعلان کرے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں