کیا اے آئی اشیا کی جعلی قیمت بتا رہا ہے؟ صارفین خبردار

0
8

واشنگٹن : آن لائن خریداری کرتے ہوئے اے آئی شاپنگ اسسٹنٹ کی بتائی گئی قیمتوں پر بھروسہ کرنا صارفین کیلیے خطرناک ہوسکتا ہے وہ اس لیے کہ ڈپارٹمنٹل اسٹورز نے ان اشیا کی شاید وہ قیمت کبھی دی ہی نہ ہو۔

آن لائن خریداری کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر بڑھتے ہوئے انحصار کے درمیان نئی تحقیق نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ چیٹ بوٹس بعض اوقات ایسی مصنوعات کی قیمتیں بھی اعتماد کے ساتھ بتا دیتے ہیں جو متعلقہ اسٹور یا کمپنی نے کبھی اپنی ویب سائٹ پر درج ہی نہیں کیں۔

تحقیق کے مطابق صارف جب کسی چیٹ بوٹ سے کسی چیز کی قیمت دریافت ہے تو مصنوعی ذہانت عموماً کوئی نہ کوئی رقم بتا دیتی ہے، تاہم یہ ضروری نہیں کہ بتائی گئی قیمت موجودہ یا سو فیصد درست ہو۔ اس صورتحال میں صارف غلط قیمت کو درست سمجھ کر خریداری کا فیصلہ کرسکتا ہے جو مالی نقصان کا باعث ہے۔ یہ مسئلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آن لائن شاپنگ میں اے آئی کا استعمال تیزی سے فروغ پارہا ہے۔

 AI shopping assistant

ایڈوب کے مطابق رواں سال تعطیلات کے سیزن میں امریکی ریٹیل ویب سائٹس پر اے آئی کے ذریعے آنے والی ٹریفک گزشتہ سال کے مقابلے میں 130 فیصد بڑھنے کی توقع ہے جبکہ نومبر اور دسمبر میں امریکی صارفین کی آن لائن خریداری ریکارڈ 275.1 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، جو گزشتہ سال سے 6.7 فیصد زیادہ ہوگی۔

اکتوبر میں بھی آن لائن فروخت تقریباً 95.8 ارب ڈالر رہنے کی توقع ہے جبکہ سائبر ویک کے دوران بعض اشیا پر درج قیمت کے مقابلے میں 30 فیصد تک رعایت مل سکتی ہے۔

ایڈوب کے 5 ہزار صارفین پر کیے گئے سروے کے مطابق آن لائن خریداری کے لیے اے آئی استعمال کرنے والے 77 فیصد افراد نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے مشورے سے انہیں اپنی خریداری کے فیصلے پر زیادہ اعتماد محسوس ہوا۔

قیمتوں کے بارے میں اے آئی کتنی درست ہے؟

پراڈکٹ ڈاٹ اے آئی کی ایک حالیہ تحقیق میں چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ، جیمنی اور پرپلیکسٹی سے خریداری سے متعلق سوالات کیے گئے۔

تحقیق کے مطابق 86 فیصد اے آئی شاپنگ سوالات میں مختلف چیٹ بوٹس کے جوابات کے درمیان کسی نہ کسی نوعیت کا حقائق سے متعلق اختلاف سامنے آیا۔

تحقیق میں قابل تصدیق قیمتوں کے 913 جوابات کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں صرف 85 فیصد جوابات میں موجودہ درج شدہ قیمت درست بتائی گئی۔ جہاں جواب غلط تھا، وہاں قیمت میں درمیانی درجے کا فرق 300ڈالر تک پایا گیا۔

قیمت کا درج نہ ہونا بھی مسئلہ

ایک اور تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ آخر اے آئی کو غلط قیمتیں ملتی کہاں سے ملتی ہیں۔ بی سین بائی اے آئی نے 1 ہزار 101 قیمتوں والے ویب صفحات کا جائزہ لیا اور پایا کہ 32.8 فیصد صفحات پر خودکار سسٹمز کے لیے کوئی واضح قیمت موجود نہیں تھی، ان میں تقریباً 40 فیصد ایسے صفحات تھے جہاں قیمت جان بوجھ کر ظاہر نہیں کی گئی تھی، یعنی ویب پیج پر ایسی قابل استعمال قیمت موجود ہی نہیں تھی جسے اے آئی سسٹم آسانی سے پڑھ سکے۔

quoting prices stores

ایک ہی کمپنی کی مختلف قیمتیں

تحقیق کے مطابق تقریباً 39.2 فیصد ویب سائٹس کے لیے مختلف اے آئی اسسٹنٹس نے مختلف قیمتیں بتائیں۔ ان میں 10 معاملات میں درست کمپنی کا نام تھا لیکن قیمت غلط تھی، جبکہ 6 جوابات میں اسی نام کی کسی دوسری کمپنی کو اصل برانڈ سمجھ لیا گیا۔

ایک اور اہم بات یہ سامنے آئی کہ اے آئی ہمیشہ کمپنی کی اپنی ویب سائٹ سے قیمت حاصل نہیں کرتا۔ 136 ویب سائٹس میں سے تقریباً 34 فیصد جوابات میں کمپنی کے اپنے ڈومین کو بطور ذریعہ استعمال نہیں کیا گیا۔

تاہم محققین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اے آئی کا یہ تجربہ 136 ویب سائٹس اور 50 ویب صفحات کے ایک کنٹرول گروپ تک محدود تھا اور اسے ایک ہی مرحلے میں انجام دیا گیا۔

خریداری سے پہلے قیمت کی تصدیق

ماہرین کا مشورہ ہے کہ صارفین کو اے آئی کی جانب سے بتائی گئی قیمت پر فوری بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ خریداری سے پہلے قیمت کی تصدیق براہِ راست متعلقہ برانڈ یا اسٹور کی ویب سائٹ سے کی جائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں