بولی وڈ اداکار و سیاستدان گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کے حالیہ متنازع بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں حد میں رہنے کا مشورہ دے دیا۔تنازع اُس وقت شروع ہوا جب سنیتا آہوجا نے گووندا اور ان کی فلم ’روپا‘ کی ساتھی اداکارہ کومل رانی سورنکر کی ایک ساتھ موجودگی پر ردعمل دیا۔ انہوں نے نوجوان اداکارہ کے ساتھ شوہر کے تعلق پر سوال اٹھایا اور ان کو شوگر ڈیڈی قرار دیا۔
سنیتا آہوجا نے حالیہ انٹرویوز میں گووندا کے مبینہ افیئرز کے بارے میں بھی بات کی تھی جن میں فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ساتھ ان کے تعلقات کے دعوے بھی شامل ہیں۔تاہم گووندا نے اب ان ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ اس بات پر ناخوش ہیں کہ ان کی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی پر سرعام بات کی جا رہی ہے۔
گووندا نے براہ راست اہلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے سوال کیا کہ وہ ان کے موجودہ کام میں کیوں مداخلت کر رہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ماضی میں سنیتا آہوجا کو اپنے کام کو آگے بڑھانے کا پورا حق حاصل تھا لیکن انہیں ایسے بیانات نہیں دینے چاہییں جو اب ان کے کیریئر کو متاثر کریں۔
اداکار نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ان کے ریمارکس سے ان کی ساکھ اور کاروبار کو نقصان پہنچ سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب انہوں نے ایک نئی فلم پر کام شروع کیا ہے۔
انہوں نے سنیتا آہوجا پر زور دیا کہ وہ فلمی صنعت میں متوسط پس منظر سے آنے والے لوگوں کو شرمندہ یا ذلیل نہ کریں اور اپنی حد میں رہیں۔
گووندا نے نوجوان اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کے اپنے فیصلے کا بھی دفاع کیا اور اس بات کی نشاندہی کی کہ فلمی صنعت میں اداکاروں اور ان کے ساتھی اداکاروں کے درمیان عمر کا فرق عام بات ہے۔


