سرکاری آئل اینڈ گیس کمپنیوں نے 10 سال میں 2700 ارب روپے سے زائد منافع کمالیا

0
5

سلام آباد: سرکاری ملکیتی آئل اینڈ گیس کمپنیوں نے 10 سال میں 2700ارب روپے سے زائد منافع کمالیا۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری ملکیتی آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے گزشتہ 10 سال کے منافع کی تفصیلات سامنے آگئیں، 7 سرکاری کمپنیوں نے مجموعی طور پر 2700 ارب روپے سے زائد منافع کمایا۔

سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) 1250 ارب روپے سے زائد منافع کے ساتھ سرفہرست رہی۔ کمپنی نے مالی سال 2022-23 میں 224 ارب 60 کروڑ روپے کا سب سے زیادہ سالانہ منافع کمایا۔

دستاویزات میں کہنا تھا کہ او جی ڈی سی ایل کا منافع مالی سال 2023-24 میں 208 ارب 90 کروڑ روپے جبکہ 2024-25 میں 169 ارب 90 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے 10 سال میں مجموعی طور پر 620 ارب 30 کروڑ روپے منافع کمایا۔ کمپنی کا سالانہ منافع 2023-24 میں 114 ارب 30 کروڑ روپے جبکہ 2024-25 میں 92 ارب روپے رہا۔

دستاویزات کے مطابق جی ایچ پی ایل نے 10 سال میں 377 ارب روپے سے زائد منافع کمایا۔ کمپنی کا منافع 2023-24 میں 69 ارب 20 کروڑ روپے اور 2024-25 میں 48 ارب 50 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے مذکورہ عرصے میں 218 ارب 70 کروڑ روپے منافع کمایا، جبکہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کا 10 سالہ مجموعی منافع 97 ارب 83 کروڑ روپے رہا۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے 10 سال میں 86 ارب روپے سے زائد منافع کمایا، جبکہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے 8 سال کے دوران 58 ارب 20 کروڑ روپے منافع حاصل کیا۔

سرکاری دستاویزات میں مختلف کمپنیوں کے مالی سال وار منافع کی تفصیلات بھی درج ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں