عارف والا : جھلسنے والی لڑکی نے خود پیٹرول کیوں خریدا؟ کیس میں نیا موڑ

0
2

عارف والا : پنجاب کے علاقے پاکپتن میں مبینہ طور پر دوستی سے انکار کرنے کی پاداش میں ایک، لڑکی کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے والے واقعے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

پنجاب کے ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا کے قصبے قبولہ تھانے کی حدود میں میں منبینہ طور پر دوستی انکار پر 18 سالہ لڑکی مریم پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی تھی۔

جس کے نتیجے میں لڑکی شدید جھلس گئی، واقعے کے بعد ریسکیو ٹیم نے متاثرہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال ساہیوال منتقل کردیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے تفتیش کی جارہی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے اصل حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

جھلسنے والی لڑکی نے خود پیٹرول کیوں خریدا

اے آر وائی عارف والا کے نمائندے محمد اسلم کی رپورٹ کے مطابق واقعے سے متعلق ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں متاثرہ لڑکی مریم مبینہ طور پر گھر کے قریب واقع ایک پیٹرول پمپ سے بوتل میں پیٹرول خریدتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

متاثرہ لڑکی کے بھائی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ دار شخص کو سخت سزا دلوائی جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش جاری ہے اور تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد واقعے کی اصل نوعیت اور محرکات واضح ہوں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں