یہ حکومت ڈیلی ویجز پر ہے، جب حکم آئے گا کہ آپ فارغ ہیں تو چلے جائیں گے، شاہد خاقان عباسی

0
6

اسلام آباد : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ یہ حکومت ڈیلی ویجزپر ہےجب حکم آئے گا کہ آپ فارغ ہیں تو چلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اے آر وائی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا ملک کے ہر مسئلے کی جڑ عوام کی رائے کا احترام نہ کرنا ہے، اور موجودہ حکومت نہ تو عوام کی رائے سے آئی ہے اور نہ ہی عوام کی رائے سے جائے گی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ‘ڈیلی ویجز’ پر ہے، جب حکم آئے گا کہ آپ فارغ ہیں تو یہ چلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت خطرے میں تو ہے لیکن ان سے بہتر نوکری بھی کوئی نہیں کر سکتا، میں حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں ہوں لیکن یہ نوکری اچھی کر لیتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب آئین اور قانون کی بات ہوتی تھی تو میرا تعلق ن لیگ سے تھا، میں میاں صاحب کو کہتا رہا کہ ہم ‘ووٹ کو عزت دو’ کے ساتھ ہیں، اقتدار کو عزت نہ دیں، جس پر نواز شریف میری باتیں سن کر خاموش ہو جاتے تھے۔

https://youtube.com/watch?v=u68vIWDzMys%3Ffeature%3Doembed

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر میاں صاحب 8 فروری 2024ء کو کہہ دیتے کہ ہم الیکشن ہار گئے ہیں تو آج حالات مختلف اور بہتر ہوتے، ہار تسلیم کرنے سے میاں صاحب کی عزت ہوتی اور جماعت بھی عوام میں مقبول ہوتی۔

ملکی سیاسی نظام اور بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ نظام پر محسن نقوی نے کہا کہ یہ نہیں چل رہا، تو میں ان کی اس بات سے اختلاف نہیں کر سکتا۔

شاہد خاقان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال نہ لے جانا چھوٹی حرکت ہے، عدالت کا حکم نہ مان کر کیا حاصل کرنا ہے؟ تاہم ایسی حرکتیں بانی پی ٹی آئی خود بھی کرتے رہے ہیں اور انہوں نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، اس لیے اب یہ سارے ہی جائیں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں