اسلام آباد: نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس میں پانچ سنگین سیکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے صارفین اور سرکاری و نجی اداروں کو ایپ فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نیشنل سرٹ کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق یہ تکنیکی خامیاں اینڈرائیڈ، آئی او ایس (آئی فون)، ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ ورژنز کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانے ورژن استعمال کرنے والے صارفین کا ذاتی ڈیٹا، چیٹ معلومات، ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس اور مقامی فائلز خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
ایڈوائزری میں صارفین کو سختی سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن انسٹال کریں، غیر مصدقہ یا موڈیفائیڈ (Modified) واٹس ایپ ایپس سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک لنک، غیر متوقع آرڈر میسج یا نامعلوم فائل کو اوپن نہ کریں۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کے پیشِ نظر میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ بند رکھنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔



