’بیٹے کے انتقال نے گہرا صدمہ پہنچایا، چھ ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلا تھا‘

0
7

اداکار اور ’تماشہ 5‘ کے فاتح ببرک شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹے زاویار شاہ کے انتقال پر گہرا صدمہ پہنچا، چھ ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلا تھا۔

اداکار ببرک شاہ نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ کس طرح اپنے کم عمر بیٹے کو کھونے سے وہ شدید صدمے کا شکار ہوئے اور کس طرح انہوں نے آہستہ آہستہ اس غم کو سنبھالا۔

انہوں نے کہا کہ اس نقصان کو قبول کرنے میں وقت لگا کیونکہ کسی بھی والدین کے لیے بچے کی موت ایک انتہائی تکلیف دہ تجربہ ہوتا ہے۔

ببرک شاہ نے کہا کہ عام طور پر بچے اپنے والدین کو سپرد خاک کرتے ہیں لیکن مجھے اپنے بیٹے کو دفنانا پڑا، وہ انتہائی ذہین بچہ تھا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ چھوٹے بیٹے کی موت نے اس قدر گہرا صدمہ پہنچایا کہ وہ چھ ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلے۔

اداکار نے بیٹے کی موت کے بعد اہلیہ کو پہنچنے والے جذباتی صدمے کے بارے میں بھی بات کی۔

ببرک شاہ نے مزید کہا کہ میں نے مزاحیہ انداز اس لیے اپنایا کیونکہ یہ اہلیہ کے دکھ کو بانٹنے یا اس کا رخ موڑنے کا ایک طریقہ تھا، میں گھر پر مزاحیہ حرکتیں کرتا تھا تاکہ ان کی توجہ بٹا سکوں کیونکہ وہ رات کو اکیلے کمرے میں روتی تھیں، ہم سب کی زندگیوں میں غم کا اپنا حصہ ہوتا ہے، صبر ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں اداکار کو اس وقت شدید صدمہ پہنچا تھا، جب لاہور میں ان کی رہائشی سوسائٹی میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں ان کے سب سے چھوٹے بیٹے زاویار شاہ کی ڈوبنے سے موت ہوگئی تھی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں