کراچی : سندھ کے تاریخی شہر ٹھٹھہ میں واقع شاہ جہاں مسجد مغل فنِ تعمیر کا ایک ایسا انوکھا اور حیران کن شاہکار ہے جس کی مثال پورے جنوبی ایشیا میں نہیں ملتی۔

0
1

اسے مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے 17ویں صدی (1644ء سے 1647عیسوی) میں سندھ کے لوگوں کے لیے بطور تحفہ تعمیر کروایا تھا۔

چار سو سال پرانی مسجد کے گنبدوں کی تعداد سے متعلق کہا جاتا ہے کہ عام مغل مساجد کے برعکس اس مسجد میں کوئی روایتی مینار نہیں ہے بلکہ یہ 99 گنبدوں پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی مسجد ہے۔

تاریخی مسجد کی منفرد طرزِ تعمیر، گنبدوں کی حیرت انگیز ترتیب اور آواز کی گونج سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ اس قدیمی مسجد کے حوالے سے کئی دلچسپ روایات اور فنِ تعمیر کے ایسے نمونے موجود ہیں جو آج بھی دیکھنے والوں کو حیران کردیتے ہیں۔

مسجد کے گنبدوں کی تعداد گننے کے حوالے سے بھی ایک دلچسپ بات مشہور ہے۔ بعض مقامات سے گننے پر گنبدوں کی تعداد 100 بنتی ہے، جبکہ دوسری سمت سے گنتی کی جائے تو یہ تعداد 99 رہ جاتی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ عمارت بنانے والے ماہرین کی فن کاری اور تعمیراتی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

مسجد کی ایک اور نمایاں خصوصیت اس کا صوتی نظام ہے، بتایا جاتا ہے کہ مسجد کے ایک حصے میں کھڑے ہوکر محراب کے قریب آہستہ آواز میں بات کی جائے تو وہ آواز دور دوسرے حصے میں بھی واضح طور پر سنی جاسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق عمارت کے ڈیزائن میں ایسی ساخت اختیار کی گئی ہے جس سے آواز ٹکرا کر گونج پیدا کرتی ہے اور مسجد کے مختلف حصوں تک پہنچتی ہے۔

اس منفرد صوتی خصوصیت کے لیے کسی جدید لاؤڈ اسپیکر یا ساؤنڈ سسٹم کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

تاریخی اہمیت کی حامل اس مسجد کو وقت گزرنے کے ساتھ مختلف ادوار میں دیکھ بھال اور بحالی کے مراحل سے بھی گزارا گیا۔ روایت کے مطابق سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بھی تاریخی عمارت کی حالت بہتر بنانے اور اس کے تحفظ پر توجہ دی گئی۔

اس کے علاوہ مسجد کی وسیع گنجائش بھی اسے نمایاں بناتی ہے، بتایا جاتا ہے کہ یہاں 40 سے 50 ہزار افراد بیک وقت جمعہ کی نماز ادا کرسکتے ہیں۔

جہاں دیگر مغل عمارات میں لال پتھر اور سفید سنگِ مرمر استعمال ہوا، وہیں ٹھٹھہ کی اس مسجد میں چمکدار نیلی اور سفید ٹائلوں کا بے مثال کام کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ خوبصورت کاشی کاری ایران اور سندھ کے شہر ہالا کے فن کاروں کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں