اکتوبر تھیوری : کیا دسواں مہینہ واقعی زندگی میں بڑی تبدیلیاں لاتا ہے؟

0
3

یہ نفسیات ہے، غلط فہمی یا محض اتفاق کہ دسویں مہینہ اکتوبر میں زندگی اچانک بدلنے لگتی ہے؟ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل اکتوبر تھیوری کی حقیقت کیا ہے؟ وجہ جان کر آپ بھی سوچ میں پڑ جائیں  گے۔

آج کل سوشل میڈیا پر ایک تصور زیر گردش ہے کہ ماہ اکتوبر کو رشتوں میں تبدیلی، پرانی محبت کی واپسی اور زندگی کی نئی شروعات کا مہینہ ہے، لیکن کیا واقعی اس مہینے میں کوئی خاص بات ہے یا یہ محض سوشل میڈیا کا ایک نیا ٹرینڈ ہے؟

جویریہ اجمل کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر کا مہینہ بعض لوگوں کے نزدیک صرف موسم کی تبدیلی کا وقت ہی نہیں بلکہ زندگی میں نئے فیصلوں اور تبدیلیوں کا آغاز بھی سمجھا جاتا ہے۔

اس نظریے کے مطابق اکتوبر کو زندگی کے ایک طرح کے ’ری سیٹ‘ کا مہینہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس دوران بعض لوگوں کو ایسی ملازمت یا پیشہ ورانہ موقع مل جاتا ہے جس کی انہیں توقع نہیں ہوتی، جبکہ کچھ افراد برسوں پرانی ملازمت یا پیشہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیتے ہیں۔

اسی طرح ذاتی تعلقات میں بھی تبدیلیاں اس نظریے کا حصہ سمجھی جاتی ہیں، بعض لوگوں کے پرانے رشتے ختم ہوجاتے ہیں، جبکہ کچھ لوگوں کی زندگی میں اچانک نئے دوست، ساتھی یا ممکنہ شریکِ حیات شامل ہوجاتے ہیں۔ یوں اکتوبر کو ماضی کی بعض چیزوں کو پیچھے چھوڑ کر نئی ترجیحات اپنانے کے عرصے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

اکتوبر تھیوری کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس کی ایک ممکنہ وجہ انسانی نفسیات بھی ہوسکتی ہے۔ سال کے اختتام میں چند ماہ باقی رہ جانے پر لوگ اپنی زندگی، اہداف اور گزشتہ مہینوں کی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینا شروع کردیتے ہیں۔ وہ سوچتے ہیں کہ سال کے آغاز میں طے کیے گئے اہداف میں سے کیا حاصل کیا اور کن معاملات میں وہ پیچھے رہ گئے۔

October Theory

اسی خود احتسابی کے دوران بعض افراد اپنی ترجیحات تبدیل کرتے ہیں، غیر ضروری چیزوں یا تعلقات کو چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں اور نئے اہداف مقرر کرکے ان کے حصول کی کوشش شروع کردیتے ہیں۔ اس لیے اکتوبر میں ہونے والی تبدیلیاں کسی پراسرار قوت کے بجائے انسانی فیصلوں اور نفسیاتی عمل کا نتیجہ بھی ہوسکتی ہیں۔

اس نظریے کو موسمِ خزاں سے بھی جوڑا جاتا ہے، کیونکہ ماہ اکتوبر میں درختوں کے پتے جھڑتے ہیں اور موسم کی تبدیلی واضح محسوس ہوتی ہے۔ اکتوبر تھیوری کے حامی اس قدرتی تبدیلی کو علامتی طور پر پرانی چیزیں چھوڑنے اور نئی شروعات سے تعبیر کرتے ہیں۔

تاہم ’اکتوبر تھیوری‘ کو سائنسی طور پر ثابت شدہ اصول قرار نہیں دیا جاتا۔ انٹرنیٹ پر اس حوالے سے لوگوں کے ذاتی تجربات اور مشاہدات ضرور شیئر کیے جاتے ہیں، لیکن کسی فرد کی زندگی میں اکتوبر کے دوران ہونے والی تبدیلی محض اتفاق، حالات یا ذاتی فیصلوں کا نتیجہ بھی ہوسکتی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں