راولپنڈی: پاکستان کی عسکری قیادت نے ملک کے پہلے انسانی خلائی مشن کے تاریخی سنگِ میل کے حصول پر پوری قوم، سائنسدانوں اور انجینئرز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری قیادت نے اس تاریخی کامیابی کو پاکستان کی سائنسی ترقی، تکنیکی خود انحصاری اور روشن مستقبل کی جانب ایک سنہری باب قرار دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی خلاباز کی خلا میں روانگی اور اس مشن کی کامیابی ملکی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش لمحہ ہے، جس نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور نوجوان نسل کے لیے سائنس اور خلائی تحقیق کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔



